کراچی(روشن پاکستان نیوز) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کراچی نے پاک فوج کے افسر ہونے کا ڈھونگ رچا کر شہریوں کو لوٹنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
این سی سی آئی اے کراچی زون نے کورنگی انڈسٹریل ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے 2 ایسے ملزمان کو گرفتار کیا ہے جو مبینہ طور پر پاک فوج کے افسر بن کر معصوم شہریوں سے فراڈ اور رقوم بٹورنے میں ملوث تھے،گرفتار ملزمان میں مزمل ولد بدر الدین قریشی اور حمزہ ولد محمد اسلم شامل ہیں۔
حکام نے بتایا کہ ملزمان خود کو سینئر فوجی اور سرکاری افسران ظاہر کرتے تھے، ملزمان نے فوجی اور سرکاری محکموں میں اثر و رسوخ اور تعلقات کا جھوٹا دعویٰ کر کے پاک فوج کے نام اور وقار کا غلط استعمال کیا۔
این اسی سی آئی اےکی کارروائی، 35 ارب کے جعلی امریکی ڈاک ٹکٹ فروخت کرنیوالا ملزم گرفتار
ملزمان شہریوں سے تبادلوں، تقرریوں اور دیگر سرکاری و دفتری امور کے نام پر خود کو مجاز فوجی افسر ظاہر کرکے بھاری رقوم وصول کرتے تھے، ان جعلی نمائندگیوں کے ذریعے ملزمان نے شہریوں کو دھوکا دیا اور سرکاری کام کروانے کے جھوٹے وعدے کرکے رقم حاصل کی۔
دونوں ملزمان کو کورنگی انڈسٹریل ایریا کراچی سے گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 109 “پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (PECA) ترمیمی ایکٹ 2025” کی دفعات 13، 14 اور 16 کے تحت ایف آئی آر نمبر 114/2026 درج کر لی گئی ہے۔











