جمعرات,  08 اکتوبر 2026ء
حضرت کلو بابا سرکار کے عرس کی اختتامی تقریب میں اسحاق ڈار کی شرکت

مانسر شریف (روشن پاکستان نیوز) حضرت کلو بابا سرکارؒ کے تین روزہ سالانہ عرس کی تقریبات مانسر شریف، ضلع اٹک میں عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئیں۔ عرس کے تیسرے اور آخری روز نائب وزیر اعظم اسحاق ڈارمہمان خصوصی تھے جبکہ رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان ، سابق ڈپٹی میئر اسلام آباد سید ذیشان نقوی خادم درگاہ حضرت امام بری سرکار و بابا کلو سرکار راجہ سرفراز اکرم، سہیل یوسف، قدوسی، عمر قدوسی، راجہ امتیاز جنجوعہ، ڈاکٹر راجہ ریاض شہباز جنجوعہ، ڈاکٹر آصف جنجوعہ، ڈاکٹر حیدر جنجوعہ، راجہ ایاز جنجوعہ، راجہ اعجاز احمد، اللہ بخش، حاجی قیصر محمود آف گولڑہ، ملک عبدالرزاق شاہ اللہ دتہ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ اختتامی تقریب میں مولانا سید امتیاز حسین شاہ نے ملک و قوم، امت مسلمہ کی سلامتی، خوشحالی، ترقی اور استحکام سمیت عالم اسلام کی سربلندی کیلئے خصوصی دعا کرائی۔اس موقع پر ملک کے معروف عالم دین حضرات پیر سید سلطان العارفین،پیر سید شمس الرحمان،پیر سید انعام الحق شاہ،مفتی مظہر مختار درانی،محمد ظفر اقبال جلالی،مفتی محمد حنیف قریشی،پیر عبید احمد عبید و دیگر بھی موجود تھے،عرس کی تین روزہ تقریبات میں عرس کے تینوں روز ملک بھر سے آنے والے عقیدت مندوں نے مزار اقدس پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ زائرین نے حضرت کلو بابا سرکارؒ سے اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے ملک و قوم کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے دعائیں بھی کیں۔عرس کی خصوصی تقریبات میں روایتی نیزہ بازی کے مقابلوںمیں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نیزہ بازوں میںسید ذیشان نقوی نےخصوصی انعامات بھی تقسیم کیے ۔عرس کی اختتامی تقریب میں مقررین نے حضرت کلو بابا سرکارؒ کی دینی، روحانی اور صوفیانہ خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اولیائے کرام کی تعلیمات محبت، امن، بھائی چارے، رواداری اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی روحانی محافل معاشرے میں محبت اور اخوت کے فروغ کا ذریعہ بنتی ہیں۔اختتام پر ملک و قوم، افواج پاکستان، امت مسلمہ، علاقے کی ترقی و خوشحالی اور تمام زائرین کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ عرس کی تین روزہ تقریبات میں بڑی تعداد میں عقیدت مندوں کی شرکت نے حضرت کلو بابا سرکارؒ سے ان کی گہری عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔

مزید خبریں