حافظ آباد(شوکت علی وٹو)ضلع حافظ آباد کی تحصیل پنڈی بھٹیاں میں صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال پر ستھرا پنجاب ایجنسی نے بڑا ایکشن لیتے ہوئے ڈیوو ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کا لائسنس منسوخ کر کے اس کی سروسز معطل کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ستھرا پنجاب ایجنسی حکام کی ہدایت پر یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔ لائسنس منسوخی کے بعد ضلعی انتظامیہ اور ستھرا پنجاب نے مشترکہ طور پر ہنگامی بنیادوں پر سیلف آپریشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کے باعث شہر میں صفائی کی صورتحال میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے۔ اس حوالے سے ایم ڈی ستھرا پنجاب میڈم فضہ ارشد کا کہنا تھا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، صفائی ستھرائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی اور جلد پنڈی بھٹیاں کو زیرو ویسٹ سٹی بنایا جائے گا۔ دوسری جانب شہری حلقوں نے صفائی کی صورتحال بہتر بنانے پر ایم ڈی ستھراپنجاب فضہ ارشد اور ڈپٹی کمشنر حافظ آباد حسین بہادر شاہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ادھر ڈیوو کمپنی سے منسلک مقامی وینڈرز نے احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی کی جانب سے ان کے لاکھوں روپے کے بقایا جات ادا نہیں کیے گئے، انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ان کے مالی نقصان کے ازالے کے لیے کردار ادا کیا جائے۔ جبکہ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واجبات کمپنی ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ادا کرے گی حکومت پنجاب اس حوالے سے تمام تر وسائل بروۓ کار لاۓ گی۔











