ریاض (وقار نسیم وامق) پاکستان پیپلز پارٹی گلف و سعودی عرب کے سینئر رہنما، بزمِ ریاض کے چیئرمین اور ممتاز اوورسیز پاکستانی محمد ریاض راٹھور کے انتقالِ پرملال کے موقع پر پیپلز پارٹی ریاض ریجن کے زیرِ اہتمام ایک تعزیتی اجلاس اور دعائے خیر کا اہتمام کیا گیا۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی گلف و سعودی عرب کے ذمہ داران، کارکنان، مختلف سیاسی، سماجی، مذہبی، ثقافتی، ادبی و صحافتی تنظیموں کے نمائندوں اور پاکستانی کمیونٹی کے سرکردہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب سے بزمِ ریاض کے ذمہ داران بھی آن لائن اجلاس میں شریک ہوئے اور مرحوم کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اجلاس میں شریک مختلف جماعتوں اور تنظیموں جن میں پاکستان مسلم لیگ (ن)، جے یو آئی (ف)، مجلسِ پاکستان، جمہوری وطن پارٹی، اے این پی، بزمِ ریاض، عالمی حلقۂ فکر و فن، پاک میڈیا فورم اور دیگر سماجی و سیاسی جماعتوں کے ذمہ داران نے پیپلز پارٹی سے بھرپور اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے مرحوم محمد ریاض راٹھور کی شخصیت، خدمات اور نظریاتی وابستگی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ راٹھور صاحب ایک ایسی ہمہ جہت شخصیت تھے جنہوں نے سیاست، سماج، ادب اور ثقافت کے ہر میدان میں اپنی موجودگی کو مثبت انداز میں منوایا۔
پیپلز پارٹی گلف کے سیکرٹری جنرل محمد خالد رانا، صدر ثقافتی ونگ گلف قاضی اسحاق میمن, صدر ریاض ریجن احسن عباسی, سینئر نائب صدر وسیم ساجد, سینئر رہنما سردار عبدالرزاق سمیت دیگر ذمہ داران نے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ محمد ریاض راٹھور پارٹی کے ایک نظریاتی ستون تھے۔ انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کے سیاسی فلسفے، عوامی حقوق، جمہوریت اور سماجی انصاف کو بیرونِ ملک بھی پوری ثابت قدمی سے آگے بڑھایا۔
بزمِ ریاض کے آن لائن شریک ذمہ داران نے کہا کہ مرحوم نے سماجی و ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے درجنوں محافل اور تقریبات منعقد کیں جنہوں نے سعودی عرب میں پاکستان کے مثبت ویژن کی ترویج میں اہم کردار ادا کیا۔ اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کی مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے بھی کہا کہ راٹھور صاحب کی شخصیت میں خلوص، محبت اور خدمت کا جذبہ نمایاں تھا اور وہ ہر پلیٹ فارم پر پاکستانی کمیونٹی کے لیے آواز بلند کرتے تھے۔
اجلاس کے اختتام پر معروف مذہبی اسکالر قاری عزیز الرحمن درانی نے مرحوم کے لیے اجتماعی دعائے مغفرت کرائی۔ انہوں نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی رحمت کے سائے میں جگہ عطا فرمائے، ان کی لغزشوں کو معاف کرے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا کرے۔
شرکاء نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ محمد ریاض راٹھور کی کمی طویل عرصے تک محسوس کی جائے گی اور ان کی خدمات پاکستانی کمیونٹی کی تاریخ کا روشن باب رہیں گی۔











