جمعه,  11  ستمبر 2026ء
وزیراعظم شہباز شریف کا بجلی کی بڑھتی لوڈشیڈنگ پر شدید برہمی کا اظہار، کسی علاقے میں 2 گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا ہے اور واضح ہدایت کی ہے کہ کسی بھی علاقے میں دو گھنٹے سے زیادہ لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں بجلی کی لوڈ مینجمنٹ پر ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ خطے کی حالیہ صورتحال اور آبنائے ہرمز میں پیدا ہونے والی کشیدگی و ترسیلی مشکلات کے باعث آر ایل این جی (RLNG) کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، جس سے بجلی کی پیداوار میں کمی واقع ہوئی اور طلب و رسد میں توازن برقرار رکھنے کے لیے مجبوری کے تحت لوڈ مینجمنٹ کرنی پڑ رہی ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ خطے کی صورتحال اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے آر ایل این جی کی ترسیل میں تعطل سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ تمام دستیاب وسائل کا موثر استعمال یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو کم سے کم تکلیف ہو اور 2 گھنٹے سے زیادہ کی لوڈشیڈنگ کہیں نہ ہو۔

عوامی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم نے ملک بھر میں بجلی کی ترسیل اور دیگر مسائل کے ازالے کے لیے ڈسکوز (DISCOs) کی سطح پر کنزیومر گریوینس ریڈریسل کمیٹیاں (Consumer Grievance Redressal Committees) قائم کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ان ریڈریسل کمیٹیوں میں عوامی نمائندگی کو بھی شامل کیا جائے۔ ان تمام کمیٹیوں کوایک ہفتے کے اندر فعال بنایا جائے۔

مہنگائی کے مارے عوام پر ایک اور بجلی بم گرادیا گیا

اجلاس میں بتایا گیا کہ بجلی کے صارفین ہیلپ لائن 118 کے ذریعے اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں، جہاں شکایت درج ہوتے ہی صارف کو ٹوکن نمبر اور مسئلے کے حل کا وقت فراہم کیا جاتا ہے۔

علاوہ ازیں، اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ مون سون بارشوں کے حوالے سے صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے اور اس وقت ضلع راجن پور کے محض 6 صارفین کے علاوہ ملک بھر میں کسی بھی صارف کی بجلی مون سون بارشوں کی وجہ سے متاثر نہیں ہے۔

اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری، مشیرِ وزیراعظم رانا ثناء اللہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

مزید خبریں