کراچی(روشن پاکستان نیوز) محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں آج گرج چمک کیساتھ باش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی مدھیہ پردیش پر موجود ہوا کا شدید کم دباؤ مزید کمزور ہوگیا ہے، یہ سسٹم واضح ہوا کے کم دباؤ کی صورت میں راجستھان کے قریب موجود ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ سسٹم مزید کمزور ہوسکتا ہے، سسٹم کے زیراثربحیرہ عرب اورخلیج بنگال سے مون سون ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہورہی ہیں جب کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی ملک کے شمالی علاقوں پر اثر انداز ہے۔
مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی کی صورتحال برقرار
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سسٹم کے زیراثر تھرپارکر، عمرکوٹ، مٹھی ، سانگھڑ،حیدرآباد اور دیگر ملحقہ علاقوں میں بھی 3 اگست تک وقفے وقفے سے بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اس سسٹم کے زیراثر آج دوپہر یا شام سے 3 اگست کے دوران بارش کا امکان ہے، کراچی میں ہلکی سے معتدل شدت جب کہ مضافات میں کہیں کہیں تیز بارش ہوسکتی ہے۔
اس کے علاوہ شدید بارشوں کے باعث سکھر، شہید بینظیر آباد، حیدرآباد کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جب کہ بدین، سانگھڑ، خیرپور، مٹیاری، میرپورخاص، عمرکوٹ، ٹنڈومحمد خان اور ٹنڈوالہیار میں بھی اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارش، تیز آندھی اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچ سکتا ہے، کسان موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کریں۔











