واشنگٹن(روشن پاکستان نیوز) امریکا میں ملک گیر سطح پر پروازوں کی عارضی بندش کے محض ایک روز بعد ہفتے کی رات میامی انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے رن وے پر دو طیارے آپس میں ٹکرا گئے۔
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے مطابق ’رن وے پر ٹیکسی کرتے ہوئے ‘کوپا ائیرلائنز’ کے بوئنگ 737 طیارے کا پر کارگو کمپنی ‘یو پی ایس’ کے بوئنگ 767 طیارے کے اگلے حصے سے جا ٹکرایا‘۔
ائیرپورٹ کے ڈائریکٹر کمیونیکیشن گریگ چن نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً 9 بج کر 15 منٹ پر پیش آنے والے اس تصادم میں 2 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق دونوں افراد کے زخم معمولی نوعیت کے تھے اور فائر اینڈ ریسکیو ٹیموں نے انہیں موقع پر ہی طبی امداد فراہم کر دی۔
ٹرمپ فی الحال ایران کیخلاف بڑا فوجی آپریشن دوبارہ شروع کرنےکے خواہشمند نہیں: امریکی اخبار
حادثے کے بعد سامنے آنے والی ایک تصویر میں یو پی ایس طیارے کا اگلا حصہ متاثر دکھائی دے رہا ہے اور اس کے پینلز میں ایک بڑا شگاف پڑ گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق حادثے کے وقت کوپا ائیرلائنز کی پرواز پاناما سٹی سے میامی پہنچی ہی تھی جبکہ یو پی ایس کا کارگو طیارہ کولمبیا کے دارالحکومت بوگوٹا کے لیے اڑان بھرنے کی تیاری کر رہا تھا۔
یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ملک بھر کے ائیرپورٹس جمعے کے روز ایف اے اے کی جانب سے پروازوں کی ملک گیر بندش کے بعد فضائی آپریشن کو معمول پر لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔











