پیر,  27 جولائی 2026ء
مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی کی صورتحال برقرار

لاہور (روشن پاکستان نیوز) صوبہ پنجاب میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث بعض دریاؤں اور نالوں میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر دریاؤں کا بہاؤ مستحکم رہا ہے، تاہم چند مقامات پر نچلے اور درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق دریائے سندھ میں کالاباغ، چشمہ اور تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ کالاباغ میں پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 73 ہزار، چشمہ میں 3 لاکھ 13 ہزار اور تونسہ بیراج میں 3 لاکھ 64 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب دریائے چناب میں سیلابی صورتحال میں مسلسل کمی آ رہی ہے اور یہ نچلے درجے پر آ گئی ہے۔ چناب میں خانکی کے مقام پر بہاؤ 1 لاکھ 20 ہزار، قادر آباد میں 1 لاکھ 23 ہزار اور تریموں کے مقام پر 1 لاکھ 84 ہزار کیوسک ہے، جبکہ ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ نارمل ہے۔

اسی طرح دریائے ستلج اور دریائے جہلم میں پانی کا بہاؤ بالکل نارمل ہے، تاہم دریائے راوی میں سدھنائی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ 60 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

http://بارش

راوی میں جسڑ، شاہدرہ اور بلوکی کے مقامات پر صورتحال نارمل ہے۔ علاوہ ازیں، وزیرآباد کے نالہ پلکو میں اونچے درجے کی سیلابی صورتحال ہے جہاں پانی کا بہاؤ 5 ہزار کیوسک ہے، جبکہ نارووال کے نالہ بسنتر میں 3 ہزار کیوسک کے بہاؤ کے ساتھ نچلے درجے کا سیلاب ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب نے بتایا کہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے سبب دریاؤں کے بہاؤ میں اضافہ ہوا تھا، تاہم اب دریائے چناب کے اپر کیچمنٹس میں بارشیں رک چکی ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹے سے طغیانی میں مسلسل کمی ہو رہی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے دریاؤں اور نالوں کے پاٹ میں موجود تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔

مزید خبریں