اتوار,  15 نومبر 2026ء
امریکا نے دونباس کے علاقے سے دستبردار ہونے کے بدلے یوکرین کیلئے نیٹو رکنیت کی تجویز پیش کی ہے: یوکرینی صدر

کیف(روشن پاکستان نیوز) یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ ابوظہبی میں روس کے ساتھ ہونے والے امن مذاکرات کے تازہ ترین دور کے بعد امریکی مذاکرات کاروں نے نیٹو میں شمولیت کے بدلے یوکرین کے مشرقی علاقے دونباس سے ممکنہ دستبرداری کی تجویز پیش کی ہے۔

ہفتے کے روز صدارتی دفتر سے جاری کیے گئے بیان میں زیلنسکی نے بتایا کہ مذاکرات کے دوران یہ پہلی بار ہے کہ نیٹو کی رکنیت کو علاقائی رعایتوں سے جوڑنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

صدر زیلنسکی نے کہا کہ ’امریکیوں نے یہ سوال اٹھایا کہ ‘کیا ہو اگر یوکرین نیٹو میں شامل ہوجائے؟ کیا ایسی صورت میں یوکرین دونباس سے پیچھے ہٹ جائے گا؟’

زیلنسکی نے مزید کہا کہ ’یہی وجہ ہے کہ میرا ماننا ہے کہ نیٹو ایک بار پھر ایجنڈے پر واپس آگیا ہے۔ لیکن آپ نے پیوٹن کے اشارے بھی سنے ہیں اور یہ ایک انتہائی مشکل بات چیت ہے‘۔

واضح رہے کہ روسی صدر پیوٹن طویل عرصے سے یہ کہتے آ رہے ہیں کہ یوکرین کی نیٹو رکنیت روس کے لیے ایک ‘ریڈ لائن’ ہے اور انہوں نے 2022 میں یوکرین پر روس کے حملے کی ایک وجہ اسی معاملے کو قرار دیا تھا۔

یوکرینی صدر نے اپنے اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ یوکرین اپنا علاقے چھوڑنے کے لیے تیار نہیں ہے تاہم انہوں نے کہا کہ اگر یوکرین کو ایک جامع پیکج فراہم کیا جائے جس میں سکیورٹی کی ضمانتیں، ایک مضبوط اور مالی طور پر مستحکم یوکرینی فوج رکھنے کا حق اور تعمیرِ نو کے لیے فنڈز شامل ہوں تو وہ اس سوال کو قومی ریفرنڈم  میں عوام کے سامنے رکھیں گے۔

برطانیہ نے روس کے 10 بڑے تیل پیدا کرنے والے اداروں پر پابندیاں عائد کر دیں

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور نمائندے جیرڈ کشنر نے ہفتے کے روز کہا کہ دونوں فریقوں نے رواں ہفتے ہونے والے مذاکرات میں ’انتہائی سخت مؤقف‘ اختیار کیا تاہم نجی گفتگو میں دونوں فریق ’اس بات کو سمجھتے ہیں کہ اس جنگ کو ختم کرنے کے لیے عملی سمجھوتے ضروری ہوں گے‘۔

مزید خبریں