اتوار,  15 نومبر 2026ء
جوان افراد میں بہت تیزی سے عام ہونیوالے کینسر کے پھیلاؤ کی اہم وجہ دریافت

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) بڑی آنت کے سرطان یا کولون کینسر دنیا میں اس مرض کی تیسری سب سے عام قسم ہے۔

2022 میں اس کے 19 لاکھ سے زائد نئے کیسز سامنے آئے تھے اور اس کینسر سے بڑی آنت اور ریکٹم متاثر ہوتے ہیں۔

اب تک محققین یہ سمجھنے میں ناکام رہے تھے کہ آخر یہ جوان افراد (50 سال سے کم عمر) افراد میں تیزی سے کیوں پھیل رہا ہے، مگر اب ایک نئی تحقیق میں اس کی ایک ممکنہ وجہ سامنے آئی ہے۔

ماضی میں ہونے والے تحقیقی کام میں دریافت کیا گیا تھا کہ صحت مند طرز زندگی جیسے صحت بخش غذاؤں کے استعمال سے کینسر کی اس قسم سے متاثر ہونے کا خطرہ کم کیا جاسکتا ہے۔

ان تحقیقی رپورٹس کے مطابق الٹرا پراسیس غذاؤں اور زیادہ چکنائی والی غذائیں جیسے سرخ اور پراسیس گوشت کے استعمال سے بیماری کا خطرہ بڑھتا ہے۔

اب ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا کہ زیادہ چکنائی والی غذاؤں کے استعمال سے آنتوں کے اسٹیم سیلز کے ڈی این اے میں ایسی طویل المعیاد تبدیلیاں آتی ہیں جن سے کولون کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔

تحقیق میں چوہوں پر کیے جانے والے تجربات میں دریافت کیا گیا تھا کہ اگر کم چکنائی والی غذاؤں کا استعمال بھی شروع کر دیا جائے تو بھی ڈی این اے میں آنے والی چند تبدیلیاں برقرار رہتی ہیں۔

اس تحقیق کے لیے محققین نے چوہوں کو مغربی طرز کی زیادہ چکنائی والی غذائیں 6 ماہ تک استعمال کرائیں۔

6 ماہ کے بعد محققین نے دریافت کیا کہ زیادہ چکنائی والی غذا استعمال کرنے والے چوہوں کے جسمانی وزن میں زیادہ اضافہ ہوا جبکہ وہ آنتوں کے اسٹیم سیلز زیادہ اور بہت تیزی سے بنانے لگے۔

محققین نے اسٹیم سیلز کے ڈی این اے میں تبدیلیوں کو شناخت کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایسے خلیات میں سے ایک ہے جن سے رسولی کا آغاز ہوتا ہے کیونکہ ان میں توڑ پھوڑ ہونے لگتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جب خلیات توڑ پھوڑ کا شکار ہوتے ہیں تو کینسر کی رسولی کا خطرہ بڑھتا ہے۔

جب محققین نے ان چوہوں کی غذا کو تبدیل کرکے کم چکنائی والی غذاؤں کا استعمال کرایا تو اسٹیم سیلز کے افعال تو معمول پر آنے لگے مگر ڈی این اے میں آنے والی کچھ تبدیلیاں برقرار رہیں۔

اس کے بعد ان چوہوں کو ایک بار پھر زیادہ چکنائی والی غذاؤں پر منتقل کیا گیا تو پھر ان کے آنتوں کے خلیات بہت زیادہ تیزی سے ردعمل ظاہر کرنے لگے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ اثر اہمیت رکھتا ہے کیونکہ ماضی کی غذائی عادات کو دوبارہ اپنانے سے کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

محققین کے مطابق اگلے مرحلے میں مزید تحقیق کے ذریعے یہ تجزیہ کیا جائے گا کن غذائی اور طرز زندگی کی تبدیلیوں سے خلیات میں آنے والی تبدیلیوں کو ریورس کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چکنائی ایک ضروری غذائی جز ہے اور اس سے مکمل طور پر دوری نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔

بیشتر افراد کی پسندیدہ وہ غذا جو گردوں کے تکلیف دہ امراض کا شکار بنا دیتی ہے

ان کا کہنا تھا کہ ضروری ہے کہ صحت کے لیے مفید چکنائی کو غذا کا حصہ بنایا جائے جیسے زیتون کے تیل کو ترجیح دی جائے، گریوں، دالوں، بیجوں، بیریز، سیب، ناشپاتی اور سبزیوں کا زیادہ استعمال کیا جائے۔

اسی طرح الٹرا پراسیس غذاؤں کا استعمال کم از کم کرنا چاہیے۔

مزید خبریں