لاہور(روشن پاکستان نیوز) پنجاب حکومت نے یکم اور 2 اگست کو ہفتہ اور اتوار کی سرکاری تعطیلات کے پیش نظر سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو جولائی کی تنخواہوں، الاؤنسز اور پنشن قبل از وقت ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ خزانہ پنجاب کے مطابق سرکاری ملازمین کو جولائی کی تنخواہیں اور تمام واجب الاؤنسز 31 جولائی کو ادا کیے جائیں گے، جبکہ صوبے کے پنشنرز کو بھی جولائی کی پنشن اسی روز جاری کی جائے گی۔
اس سلسلے میں گورنر پنجاب نے 31 جولائی کو تنخواہوں، الاؤنسز اور پنشن کی ادائیگی کی منظوری دے دی ہے۔
پنجاب میں کھلی جگہوں پر ڈرون اڑانے پر پابندی میں 30 روز کی توسیع
محکمہ خزانہ نے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب، تمام ٹریژری دفاتر اور ضلعی اکاؤنٹس افسران کو باقاعدہ ہدایات جاری کر دی ہیں، متعلقہ بینکوں کو بھی 31 جولائی کو تنخواہوں اور پنشن کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کے لیے ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تعطیلات کے باعث ملازمین اور پنشنرز کو بروقت ادائیگی یقینی بنانے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔











