لاہور(کرائم رپورٹر) پنجاب حکومت نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر صوبے بھر میں دفعہ 144 کے تحت کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر عائد پابندی میں مزید 30 روز کی توسیع کر دی ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پابندی کا اطلاق آؤٹ ڈور ڈرونز پر برقرار رہے گا، تاہم ہالز اور مارکیز میں ہونے والی اندرونی تقریبات کے دوران چھوٹے ڈرون کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی، جس کی مکمل ذمہ داری منتظمین پر عائد ہوگی۔
سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کی سرحد پر افغان طالبان رجیم کے 4 ڈرونز مار گرائے: آئی ایس پی آر
محکمہ داخلہ نے ضلعی سطح پر “سیف ڈرون یوزیج کمیٹی” بھی تشکیل دے دی ہے، جو زرعی، آبپاشی اور تحقیقی مقاصد کے لیے ڈرون کے محفوظ استعمال کی تحریری اجازت جاری کرے گی۔ کمیٹی کی منظوری سے استعمال ہونے والے ڈرون پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے، جبکہ انٹیلیجنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی پابندی سے استثنا حاصل ہوگا۔
ترجمان کے مطابق عوامی تحفظ، امن و امان کا قیام اور املاک کی حفاظت حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، جبکہ صوبے بھر کی انتظامیہ اور پولیس کو احکامات پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔











