اسلام آباد(کرائم رپورٹر) انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ ایک کروڑ 60 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 83.7 کلوگرام منشیات برآمد کر لی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کے کارگو شیڈ میں آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل سے کپڑوں میں جذب 2.2 کلوگرام آئس برآمد کی گئی، جبکہ راولپنڈی کے ایک کوریئر آفس میں نیوزی لینڈ بھیجے جانے والے پارسل کے اسٹیل کنٹینر سے 1.2 کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔
پشاور رنگ روڈ کے قریب ایک گاڑی سے 38.4 کلوگرام چرس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ کراچی سپر ہائی وے پر ایک ٹرک سے 18 کلوگرام چرس برآمد ہونے پر ایک ملزم کو حراست میں لیا گیا۔
اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 9 ملزمان گرفتار
کالا شاہ کاکو ٹول پلازہ کے قریب گاڑی سے 7 کلوگرام ہیروئن برآمد کر کے 3 ملزمان گرفتار کیے گئے، جبکہ ایم-1 لنک روڈ راولپنڈی اور بیدرہ انٹرچینج مانسہرہ کے قریب الگ الگ کارروائیوں میں مجموعی طور پر 14.4 کلوگرام چرس برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
اسی طرح پشاور کے ناصر باغ روڈ پر واقع ایک کوریئر آفس میں منی الیکٹرک اوون کے اندر چھپائی گئی 2.5 کلوگرام آئس بھی برآمد کر لی گئی۔
اے این ایف کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔











