راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) چکلالہ یونین کونسل 76 کے رہائشیوں نے علاقے میں پانی، گیس اور ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کے سنگین مسائل پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
اہلِ علاقہ کے مطابق چکلالہ یونین کونسل 76 راولپنڈی کے قدیم اور حساس علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔ اس کے اطراف میں نور خان ایئر بیس، چکلالہ ریلوے اسٹیشن، شیل ڈپو، چکلالہ گیریژن، عسکری رہائشی علاقے اور وی وی آئی پی روڈ واقع ہیں، جہاں چوبیس گھنٹے اہم شخصیات کی آمدورفت جاری رہتی ہے۔
رہائشیوں کا کہنا ہے کہ علاقے سے 72 انچ قطر کی واٹر سپلائی لائن گزرتی ہے، جو تقریباً 10 کلومیٹر دور واقع عسکری علاقوں کو پانی فراہم کر رہی ہے، تاہم مقامی آبادی آج بھی پانی کی بوند بوند کو ترس رہی ہے۔ پانی کی شدید قلت کے باعث کئی خاندان نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں۔
نادرا نے پاک آئی ڈی ایپ پر ملٹیپل لاگ ان کی سہولت کیوں ختم کر دی؟
اہلِ علاقہ نے مزید بتایا کہ گیس پائپ لائن بچھانے کے کام کے باعث گلیاں اور سڑکیں طویل عرصے سے کھنڈر بنی ہوئی ہیں۔ کھدائی کے بعد سڑکوں کی مرمت نہ ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا ہے، جبکہ کھلی اور ناقص حالت میں موجود گیس لائنوں کے باعث کسی بھی وقت جانی و مالی نقصان کا خدشہ بھی موجود ہے۔
رہائشیوں نے مطالبہ کیا کہ چکلالہ ڈھوک حافظ، فضل ٹاؤن اور شاہ خالد کالونی میں پانی کی مستقل فراہمی یقینی بنائی جائے، گیس پائپ لائن منصوبے کے بعد تمام گلیوں اور سڑکوں کی فوری تعمیر و مرمت کی جائے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے متعلقہ ادارے عملی اقدامات کریں۔
اہلِ علاقہ نے خبردار کیا کہ اگر ان کے جائز مطالبات جلد پورے نہ کیے گئے تو وہ احتجاج کرنے اور وی وی آئی پی روڈ بلاک کرنے پر مجبور ہوں گے۔











