اسلام آباد(سعد عباسی) ایران کے صدر مسعود پزشکیان کل (منگل) ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے، جہاں وہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون میں ایرانی صدر کے استقبال اور سکیورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ صدر پزشکیان منگل کی صبح اسلام آباد پہنچیں گے اور اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے بعد اسی شام تہران واپس روانہ ہو جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دورے کا بنیادی مقصد ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی میں کمی اور مفاہمتی عمل کے دوران پاکستان کی سفارتی کوششوں پر باضابطہ طور پر اظہارِ تشکر کرنا ہے۔ ایرانی صدر پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کریں گے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہیں گے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے ایران-امریکہ مذاکرات میں اہم پیش رفت کی تصدیق کر دی
ملاقاتوں کے دوران ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات، خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، پاک-ایران سرحدی امور اور دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال متوقع ہے۔ اس کے علاوہ تجارت، معیشت، توانائی اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اس اہم دورے کی انتظامی اور سفارتی تیاریاں عروج پر ہیں، تاہم پاکستان اور ایران کی حکومتوں کی جانب سے دورے کے حتمی شیڈول اور سرکاری تفصیلات کا باضابطہ اعلان ابھی ہونا باقی ہے۔











