اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ و فروشی کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 2 خواتین سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ 62 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 46.03 کلوگرام منشیات برآمد کر لی گئی۔
اے این ایف کے مطابق مختلف کارروائیوں کے دوران سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب 2 خواتین اور ایک مرد کے قبضے سے 14.4 کلوگرام چرس برآمد کی گئی اور تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
راولپنڈی میں بس ٹرمینل کے قریب دو ملزمان سے 3.6 کلوگرام چرس جبکہ اسلام آباد میں ایک یونیورسٹی کے قریب ایک ملزم کے قبضے سے 1.2 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔
سیالکوٹ میں ایک سکول کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم کے قبضے سے 9.6 کلوگرام چرس، 4 کلوگرام آئس، 4.2 کلوگرام افیون، 300 گرام ہیروئن اور 150 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کی گئیں۔ اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان نے دورانِ تفتیش تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔
دوسری جانب لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے ایک مسافر کے بیگ سے 1.050 کلوگرام آئس برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا۔
ملتان میں شیر شاہ ٹول پلازہ کے قریب ایک گاڑی سے 4 کلوگرام آئس جبکہ نوشہرہ کے علاقے پبی کے قریب ایک رکشے سے 3.6 کلوگرام چرس برآمد کر کے ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔
اے این ایف حکام کا کہنا ہے کہ تمام مقدمات انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔











