اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ جون 2026 میں بجلی صارفین کو 20 پیسے فی یونٹ ریلیف ملے گا۔
پاور ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ 1.73 روپے فی یونٹ، سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ 1.93 روپے منفی رہی ہے۔
سہ ماہی ریلیف ماہانہ اضافے سے زیادہ ہے صارفین کو 20 پیسے فی یونٹ فائدہ ہوگا، جون میں بجلی نرخ جنوری تا مئی 2026 کے مقابلے میں برقرار رہیں گے۔
پاور ڈویژن کے مطابق سہ ماہی ایڈجسٹمنت میں 1.93 روپے فی یونٹ کمی سے مجموعی ریلیف 65 ارب روپے ہوگا، لائن لاسز میں کمی اور طلب میں اضافے سے صارفین کو بڑا ریلیف ملا ہے۔
لاہور میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری، بجلی کا نظام درہم برہم، 100سے زائد فیڈر ٹرپ کرگئے
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ متوقع بیس ٹیرف کے مقابلے میں 46 ارب روپے کی منفی تبدیلی صارفین کے حق میں گئی ہے۔
پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ ایران امریکا جنگ کے باعث عالمی توانائی منڈی میں شدید دباؤ پیدا ہوا، برینٹ کروڈ کی متوقع قیمت 70 سے بڑھ کر 120 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، حکومت نے بروقت اقدامات سے بجلی صارفین کو بڑے اضافی بوجھ سے بچایا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اپریل میں ممکنہ 5 سے 6 روپے فی یونٹ اضافے کو 1.73 روپے تک محدود رکھا گیا، حکومتی اقدامات سے صارفین پر تقریباً 38 ارب روپے کا اضافی بوجھ منتقل نہ ہوا، محدود لوڈ مینجمنٹ، مقامی گیس اور فرنس آئل کے استعمال سے بحران کا مقابلہ کیا گیا ہے۔
پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ حکومت نے عالمی اور علاقائی مشکلات کے باوجود بجلی نرخوں کو مستحکم رکھا ہے۔











