عیدالاضحیٰ پر حکومت نے ’’ڈونلڈ ٹرمپ‘‘ نامی بھینسے کی قربانی رکوا دی، وجہ کیا رہی؟

ڈھاکہ(روشن پاکستان نیوز): عیدالاضحیٰ پر حکومت نے مداخلت کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام سے منسوب ایک بھینسے کی قربانی کو رکوا دیا۔

عیدالاضحیٰ کے موقع پر منفرد اور خوبصورت قربانی کے جانوروں کے نام دنیا کی مشہور شخصیات پر رکھنے کی روایت عام ہے۔ رواں برس ایک سنہرے رنگ کے بھینسے کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا نام دیا گیا، جس کو قربانی کے لیے خریدا گیا، تاہم حکومت نے آخری وقت میں مداخلت کرتے ہوئے ٹرمپ کو قربان ہونے سے رکوا دیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق یہ واقعہ بنگلہ دیش میں پیش آیا۔ وزارت داخلہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ایک نایاب البینو بھینسے جس کو اس کے مخصوص سنہری رنگ اور بالوں کے باعث ’’ڈونلڈ ٹرمپ‘‘ کا نام دیا گیا تھا، اس کو اللہ کی راہ میں قربان ہونے سے حکومت نے آخری وقت میں رکوا دیا۔

البینو نسل کا یہ بھینسا جس کا وزن تقریباً 700 کلو گرام ہے، اپنے نام کی بدولت نہ صرف بنگلہ دیش بلکہ دنیا بھر میں مشہور ہو چکا تھا اور لوگ دور دراز سے مویشی منڈی میں دیکھنے کے لیے آ رہے تھے۔

قربانی کےگوشت کو کئی ہفتوں تک خراب ہونے سے کیسے بچائیں؟

بنگلہ دیشی حکومت کے حکم پر جب سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر متعلقہ حکام مویشی منڈی پہنچے تو یہ بھینسا فروخت ہو چکا تھا۔

بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ صلاح الدین احمد نے فوری مداخلت کرتے ہوئے خریدار کو اس کی پوری رقم واپس کرنے اور بھینسے کو تحویل میں لے کر ڈھاکا کے قومی چڑیا گھر منتقل کرنے کا حکم دیا۔

وزارت کے ایک اہلکار نے کہا، آخری لمحے میں، حفاظتی خدشات اور مفاد عامہ کے پیش نظر بھینسے کو قربانی سے بچانے کا فیصلہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ البینو بھینسیں بنگلہ دیش میں نایاب ہیں۔ یہ غیر معمولی طور پر نرم اور اسے احتیاط سے دیکھ بھال کی ضرورت ہوتی ہے۔

بھینس کے مالک ضیا الدین مردھا نے بتایا کہ ’’ڈونلڈ ٹرمپ‘‘ کا نام ان کے چھوٹے بھائی نے رکھا کیونکہ بھینس کے سنہرے بال امریکی صدر سے مشابہہ دکھائی دیتے تھے۔

مزید خبریں