ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں میزائلوں اور ڈرون حملوں کی ویڈیوز بنانے اور انہیں سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے الزام میں متعدد امریکی شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے، سعودی عرب میں امریکی سفارت خانے نے ان گرفتاریوں کی تصدیق کرتے ہوئے سکیورٹی الرٹ جاری کیا ہے جس میں امریکی شہریوں کو مقامی قوانین کی پابندی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
امریکی مشن کے مطابق سعودی وزارتِ داخلہ پہلے ہی خبردار کر چکی ہے کہ میزائلوں اور ڈرونز کو روکنے کی کارروائیوں اور ان کے گرنے کے مقامات سے متعلق تصاویر یا ویڈیوز بنانے، شائع کرنے اور شیئر کرنے پر قانونی کارروائی ہو سکتی ہے۔
امریکی سفارت خانے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ حساس سکیورٹی معلومات کی عکس بندی اور ان کی تشہیر سے گریز کریں۔
سفارت خانے نے سعودی عرب میں ممکنہ پروازوں کی منسوخی، فضائی حدود کی بندش اور سفری مشکلات کے پیش نظر امریکی شہریوں کو ایئرلائنز اور ایئرپورٹس سے پروازوں کی صورتحال کی تصدیق کرنے اور سفر کے دوران انتہائی احتیاط برتنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔











