اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی جانب سے شہریوں کو جعلی ویب سائٹس سے ہوشیار کردیا گیا ہے۔
نادرا کے فیس بک پیج پر شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ نادرا کے نام سے بنائی گئی جعلی ویب سائٹ سے ہوشیار رہیں کیونکہ جعلساز عناصر کے خلاف نادرا کی کارروائی پر یہ جعلی ویب سائٹ https://pakidentity.com بند کردی گئی ہے
یہ جعلی ویب سائٹ شہریوں کو گمراہ کرنے اور ان کی حساس ذاتی معلومات حاصل کرنے کے لیے بنائی گئی تھی۔
شہریوں سے التماس ہے کہ وہ صرف gov.pk پر ختم ہونے والی نادرا کی ویب سائٹس استعمال کریں۔
نادرا کا کہنا ہے کہ مشکوک ویب سائٹس استعمال کرنے یا ان پر اپنی ذاتی معلومات دینے سے گریز کریں اور شناختی دستاویزات بنوانے کے لئے نادرا پاک آئی ڈی موبائل ایپ استعمال کریں۔
اس سے قبل شناختی کارڈ سے محروم شہریوں کے لیے نادرا نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے پیدائشی سرٹیفکیٹ کے بغیر شناختی کارڈ بنوانے کی مشروط سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
نادرا ’ایف آر سی‘ سرٹیفکیٹ حاصل کرنا اب نہایت آسان
ترجمان کے مطابق پہلی بار رجسٹریشن کے لیے یہ سہولت 31 دسمبر 2026 تک مؤثر ہوگی،متبادل طریقوں سے درخواست گزار کی شناخت کی تصدیق کی جائے گی۔
اٹھارہ سال یا زائد عمر کی شادی شدہ خواتین کے پاس نکاح نامہ موجود ہونا لازم ہوگا، والد یا والدہ اور شوہر کا شناختی کارڈ بنا ہوا ہو اور ان کی بائیومیٹرک تصدیق لازمی ہوگی۔
24 سال یا زائدعمرکےمرد کےوالد یا والدہ اورکسی ایک بہن بھائی کا شناختی کارڈ بنا ہو،والدین میں سے کسی ایک کی بائیومیٹرک تصدیق لازمی ہوگی،والدین، شوہردونوں فوت لیکن نادرا میں ریکارڈ موجود ہوا تو بائیومیٹرک چھوٹ مل سکےگی۔











