پشاور: اوباش نوجوانوں کی تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے جی این این نیوز کے کیمرہ پرسن شدید زخمی، ملزمان فرار

پشاور(روشن پاکستان نیوز) پشاور میں مبینہ ڈرفٹنگ اور خطرناک ڈرائیونگ کے دوران تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے نجی نیوز چینل جی این این کے کیمرہ پرسن محمد حسن شدید زخمی ہوگئے جبکہ گاڑی میں سوار افراد موقع سے فرار ہوگئے۔

واقعہ 16 مئی 2026 کو دوپہر 12 بجے کے قریب تھانہ بھانہ ماڑی اور تھانہ شاہ قبول کی حدود کے درمیان پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق سیاہ رنگ کی ٹویوٹا مارک ایکس گاڑی، جس کا رجسٹریشن نمبر PP-547 بتایا جا رہا ہے، تیز رفتاری اور مبینہ ڈرفٹنگ کرتے ہوئے بے قابو ہو کر محمد حسن سے ٹکرا گئی۔

ذرائع کے مطابق گاڑی کے شیشے مکمل طور پر کالے تھے اور حادثے کے بعد گاڑی میں سوار افراد فوری طور پر موقع سے فرار ہوگئے۔ حادثے کے نتیجے میں محمد حسن کے بازو اور پاؤں پر شدید چوٹیں آئیں، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

واقعے کے بعد صحافتی حلقوں اور شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ملوث افراد کو فوری گرفتار کیا جائے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں سیف سٹی کیمروں کی موجودگی کے باوجود اگر ایسے عناصر قانون کی گرفت سے باہر رہیں تو یہ تشویشناک امر ہے۔

متاثرہ افراد اور شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ خطرناک ڈرائیونگ، ڈرفٹنگ اور تیز رفتاری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔

مزید خبریں