جدہ(روشن پاکستان نیوز) پاکستان قونصلیٹ جدہ اور پاکستانی کمیونٹی کے اشتراک سے ’’معرکۂ حق‘‘ کی پہلی سالگرہ نہایت جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منائی گئی۔ تقریب پاکستان قونصلیٹ جدہ کے احاطے میں منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی کمیونٹی کے مختلف طبقات کے افراد اور مقامی نسلی میڈیا کے نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے وطنِ عزیز سے اپنی گہری وابستگی، قومی یکجہتی اور افواجِ پاکستان کی جرات و بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد پاکستان اور مملکتِ سعودی عرب کے قومی ترانے پیش کیے گئے۔ اس موقع پر شرکاء میں حب الوطنی اور باہمی احترام کے جذبات نمایاں رہے۔
قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی اور او آئی سی میں پاکستان کے مستقل نمائندے سفیر سید محمد فواد شیر نے اپنے خطابات میں ’’معرکۂ حق‘‘ کے دوران افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور بروقت کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی افواج نے بھارتی جارحیت کو مؤثر انداز میں ناکام بنایا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان امن، اتحاد اور سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ جموں و کشمیر کے پُرامن حل کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنا کردار ادا کرے۔ مقررین نے کہا کہ آج ہم اپنے سول اور عسکری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے امن، استحکام اور علاقائی ہم آہنگی کے عزم کا اعادہ بھی کرتے ہیں۔ اس موقع پر اس امر پر بھی روشنی ڈالی گئی کہ ’’معرکۂ حق‘‘ میں کامیابی نے پاکستان کو عالمی سطح پر ایک مضبوط اور قابلِ اعتماد ملک کے طور پر نمایاں کیا ہے، جو خطے اور دنیا میں امن و ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
پاکستان قونصلیٹ جدہ کی نئی عمارت کا میڈیا دورہ، جدید سہولیات پر تفصیلی بریفنگ
پاکستانی کمیونٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے مسعود پوری، انجینئر عارف مغل اور سردار وقاص عنایت نے قوم کے عزم، افواجِ پاکستان اور شہداء کی قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ قوم کو اسی اتحاد، یکجہتی اور عزم کے ساتھ پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان اور سعودی عرب کی سلامتی، خوشحالی اور شہداء کے بلند درجات کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔











