هفته,  18 اپریل 2026ء
سید ندیم منصور کا فیلڈ مارشل عاصم منیر کے لیے نوبل انعام کا مطالبہ

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے کارپوریٹ رکن سید ندیم منصور نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو نوبل انعام ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی حکمت عملی کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کی قیادت کو سراہا جا رہا ہے، جبکہ وزیراعظم اور نائب وزیراعظم کی کوششیں بھی قابلِ ذکر ہیں۔

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر عوامی مسائل پر توجہ دے، خصوصاً پٹرول کی قیمتوں، لوڈشیڈنگ، سولر توانائی اور کاٹیج انڈسٹری کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گرمیوں سے قبل ہی لوڈشیڈنگ کا آغاز ہو چکا ہے جس سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔

سید ندیم منصور نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبے پر پیش رفت کرے اور سستے تیل کے حصول کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں، خاص طور پر موجودہ علاقائی صورتحال میں بہتری کے بعد اس پر فوری کام شروع ہونا چاہیے۔

انہوں نے کاروباری برادری کو درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سخت پابندیاں، کاروباری اوقات میں کمی، مہنگی بجلی، پٹرول کی بلند قیمتیں اور ٹیکسز کا بوجھ کاروبار کے لیے مشکلات پیدا کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت کو سرمایہ بیرونِ ملک منتقل کرنے والوں کا علم ہے تو ان کے نام سامنے لائے جائیں تاکہ شفافیت برقرار رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اگر چاہے تو آئی پی پیز (IPPs) کو ایک سال کے لیے معطل کر کے مہنگائی میں کمی لا سکتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم تاجر برادری سے مشاورت کریں گے اور فوری فیصلے کریں گے تاکہ معیشت کو استحکام ملے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ سرمایہ کار صرف دعوؤں پر نہیں بلکہ زمینی حقائق دیکھ کر فیصلے کرتے ہیں، اور موجودہ حالات میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیں۔

مزید خبریں