اتوار,  05 اپریل 2026ء
اسلام آباد: ایم این اے سحر کامران کا شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراجِ عقیدت
اسلام آباد: ایم این اے سحر کامران کا شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراجِ عقیدت

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) رکنِ قومی اسمبلی سحرکامران نے قائدِ عوام شہید ذولفقار علی بھٹو کی 47ویں برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کی قیادت اور وژن آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

اپنے بیان میں سحر کامران نے کہا کہ شہید بھٹو نے پاکستانی عوام کو بیدار کیا اور انہیں امید کی ایک نئی روشنی دی۔ انہوں نے عوام کو ان کے حقوق سے آگاہ کیا اور انہیں ایک مضبوط آواز فراہم کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہید بھٹو نے پہلی بار قومی شناختی کارڈ کا اجرا کیا جس سے ہر شہری کو شناخت اور اہمیت کا احساس ملا۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہید بھٹو کی قیادت میں پاکستان کی خارجہ پالیسی نہایت متحرک اور خودمختار تھی، جس کی آج شدید کمی محسوس کی جاتی ہے۔ ان کے مطابق یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جمہوریت ہی پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کا واحد راستہ ہے۔

سحر کامران نے شہید بھٹو کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 1973 کا آئین، مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا، شملہ معاہدہ، زرعی اصلاحات، پاکستان اسٹیل ملز جیسے بڑے صنعتی منصوبے، مفت اور لازمی تعلیم، اور پاکستان کے جوہری پروگرام کا آغاز ان کے تاریخی کارنامے ہیں۔ انہوں نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے قیام کو بھی ان کی اہم خدمات میں شامل کیا۔

والدِ مرحوم کی ساتویں برسی: سحرکامران کا جذباتی پیغام، ایصالِ ثواب کے لیے سورۂ فاتحہ کی اپیل

انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی چیلنجز اور جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے دور میں شہید بھٹو کا وژن پاکستان کو ایک مضبوط، خودمختار اور ایٹمی طاقت بنانے میں اہم کردار ادا کر چکا ہے، جو آج ملکی سلامتی کی ضمانت ہے۔

انہوں نے 1974 میں لاہور میں منعقد ہونے والی اسلامی سربراہی کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شہید بھٹو نے مسلم امہ کے اتحاد کی بنیاد رکھی، جسے آج دوبارہ زندہ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ امت مسلمہ متحد ہو کر چیلنجز کا مقابلہ کر سکے۔

سحر کامران نے شہید بھٹو کا مشہور قول بھی دہرایا کہ “ہم گھاس کھائیں گے، بھوکے رہیں گے مگر ایٹم بم ضرور بنائیں گے”، اور کہا کہ ان کی اور ان کے خاندان کی جمہوریت کے لیے قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی عوام دوست قیادت، خود انحصاری کا نظریہ اور پاکستان کی سلامتی کے لیے ان کا عزم ہمیشہ قوم کی رہنمائی کرتا رہے گا اور وہ تاریخ کے عظیم رہنماؤں میں ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔

مزید خبریں