آزاد کشمیر میں اشیائے ضروریہ کی قلت کا خدشہ، حکومت فوری اقدامات کرے: افضل بٹ

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (RIUJ) کے صدر افضل بٹ نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور سے اپیل کی ہے کہ آزاد کشمیر میں جاری دھرنوں اور بندشوں کے باعث متاثرہ علاقوں میں خوراک، ادویات اور دیگر ضروری اشیائے زندگی کی فراہمی کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں افضل بٹ نے کہا کہ راولاکوٹ میں جاری کالعدم ایکشن کمیٹی کے دھرنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے انتظامی اقدامات کے باعث مختلف علاقوں میں شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں اشیائے خورد و نوش اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانا آزاد کشمیر حکومت، وفاقی حکومت اور ریاستی اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے تجویز دی کہ جن علاقوں میں دکانیں بند ہیں وہاں انتظامیہ کی نگرانی میں فوری طور پر خصوصی سستے بازار قائم کیے جائیں، جہاں سبزیاں، پھل، آٹا، چینی، گھی، دالیں، دودھ، ادویات اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی مناسب قیمتوں پر دستیاب ہوں۔

افضل بٹ نے مزید کہا کہ اگر ٹرانسپورٹرز سکیورٹی خدشات یا دیگر وجوہات کی بنا پر سامان کی ترسیل سے گریز کر رہے ہیں تو حکومت خود خصوصی ٹرانسپورٹ کا انتظام کرے اور اپنی نگرانی میں ضروری اشیاء کی سپلائی بحال رکھے۔

انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر پاکستانی اور کشمیری شہری کا بنیادی حق ہے، جبکہ کاروبار کھولنا یا بند رکھنا بھی تاجروں کا اپنا فیصلہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ آزاد کشمیر حکومت ایسی پالیسی پر عمل کرے گی جس کے تحت نہ پرامن احتجاج پر قدغن لگائی جائے گی اور نہ ہی کسی کو زبردستی کاروبار کھولنے پر مجبور کیا جائے گا۔

مزید خبریں