اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے باعث متحدہ عرب امارات سے ایران اور اسرائیل جانے والی متعدد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
مقامی ایئرپورٹس کی ویب سائٹس کے مطابق صورتحال کے پیش نظر فلائٹ شیڈول متاثر ہو رہا ہے۔
یورپی ایئرلائن Wizz Air نے اعلان کیا ہے کہ وہ اسرائیل، دبئی، ابوظہبی اور عمان کے لیے اپنی تمام پروازیں فوری طور پر 7 مارچ تک معطل کر رہی ہے۔ ایئرلائن کا کہنا ہے کہ وہ حالات پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے اور مقامی و عالمی حکام سے رابطے میں ہے۔
اسی طرح نورویجن ایئرلائن نے بھی دبئی سے آنے اور جانے والی تمام پروازیں معطل کر دی ہیں۔
ادھر اسرائیل نے اپنی فضائی حدود عام پروازوں کے لیے بند کر دی ہیں اور آنے والی پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا ہے۔
ایران نے بھی فضائی حدود بند کرنے کے ساتھ بعض علاقوں میں عارضی ٹیلی کمیونیکیشن پابندیاں عائد کر دی ہیں، جبکہ عراق نے بھی اپنی فضائی حدود بند کر دی ہے جس سے یورپ، خلیج اور ایشیا کو ملانے والا اہم فضائی راستہ متاثر ہوا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ قطر نے بھی اپنی فضائی حدود عارضی طور پر بند کر دی ہے۔
فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق طویل فاصلے کی پروازیں اب سعودی عرب کے اوپر سے جنوب کی طرف یا وسطی ایشیا کے راستے شمال کی جانب سے گزر رہی ہیں، جس سے سفر کا دورانیہ بڑھ گیا ہے اور کنکشن فلائٹس متاثر ہو رہی ہیں۔
ایمریٹس
دبئی ایئرپورٹ معمول کے مطابق کام کر رہا ہے، تاہم ایمریٹس نے یورپ اور ایشیا کے درمیان پروازوں کے راستے تبدیل کر دیے ہیں تاکہ ایرانی اور عراقی فضائی حدود سے بچا جا سکے۔ ایران اور عراق کے لیے پروازوں کی معطلی یا منسوخی کا امکان ہے۔
اسحاق ڈار کی ایران پر ہونے والے بلاجواز حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت
قطر ائیر ویز
دوحہ کا حماد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کھلا ہے، لیکن پروازوں کے اوقات میں معمولی تاخیر اور شیڈول میں تبدیلیاں متوقع ہیں۔ ایران کے لیے پروازیں معطل کر دی گئی ہیں۔
اتحاد ایئرویز
ابوظہبی ایئرپورٹ کھلا ہے، تاہم اتحاد ایئرویز نے بھی متبادل روٹس اختیار کیے ہیں۔ طویل فاصلے کی کچھ پروازوں میں آپریشنل تبدیلیاں کی جا سکتی ہیں۔
سعودی ایئرلائن
سعودی فضائی حدود کھلی ہے۔ سعودی ایئرلائن شمالی روٹس میں ردوبدل کر رہی ہے، تاہم دیگر ممالک کے مقابلے میں کم متاثر ہوئی ہے۔ جغرافیائی محلِ وقوع کے باعث جدہ اور ریاض عارضی طور پر متبادل ٹرانزٹ حب کے طور پر زیادہ اہم ہو سکتے ہیں۔











