تہران (روشن پاکستان نیوز) امریکا اور اسرائیل نے مشترکہ طور پر ایران پر حملہ کر دیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران میں 3 دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، شمالی علاقوں میں دھماکے ممکنہ طور پر میزائل حملوں کی وجہ سے ہوئے۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ تہران کے مشرق میں ایک دھماکا سنا گیا جبکہ شمالی علاقوں میں مزید دو دھماکے ہوئے، یہ امریکا اور اسرائیل کا مشترکہ حملہ ہے جبکہ غیر ملکی خبرایجنسی کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے تہران کے مہرآباد ائیرپورٹ کو نشانہ بنایا۔ اس کے علاوہ اصفہان، قم، کرج اورکرمان شاہ، لورستان اور تبریز میں بھی دھماکے سنے گئے ہیں۔
ایرانی میڈیا کا بتانا ہے کہ ایرانی صدارتی محل اور سپریم لیڈر خامنہ ای کےکمپاؤنڈ کے قریب 7میزائل گرے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کی جانب سے یورینیم افزودگی کی ڈیل نہ ہونے پر ناراض تھے، ایران پر امریکی حملے فضا اور سمندر سےجاری ہیں۔
ایران پر آپریشن کا منصوبہ مہینوں پہلے بنایا گیا تھا، اسرائیلی دفاعی اہلکار
اسرائیلی دفاعی اہلکار کا کہنا ہے کہ ایران میں اسرائیل کا آپریشن امریکا کے ساتھ مل کر جاری ہے، ایران پر آپریشن کا منصوبہ مہینوں پہلے بنایا گیا تھا، ایران پر حملے کی تاریخ کا فیصلہ ہفتوں پہلے کیا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای تہران میں موجود نہیں ہیں، آیت اللہ خامنہ ای کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ایران نے حملے کے بعد اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں، عراق نے بھی فضائی ٹریفک معطل کردی۔
ایرانی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ امریکی و اسرائیلی حملے کے بعد ایران جوابی کارروائی کی تیاری کررہاہے، ہمارا ردعمل انتہائی سخت ہوگا۔ سربراہ ایرانی پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ان حملوں کا اختتام اب آپ کے اختیار میں نہیں رہا۔
اسرائیلی وزیر دفاع کی ایران پر پیشگی حملوں کی تصدیق
ادھر اسرائیلی وزیر دفاع نے بھی ایران پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے تہران پر حملہ کیا ہے، ایران پر پیشگی حملےشروع کیے ہیں۔
ایران پر ممکنہ حملہ، امریکا کا اپنے سفارتخانے کے عملے کو اسرائیل سے فوری انخلا کا حکم
ایرانی میڈیا کا بتانا ہے کہ متعددمیزائل تہران میں یونی ورسٹی روڈ اور جمہوری ایریا پرگرے، تہران میں دھویں کے بادل بھی اٹھتے دیکھے گئے۔
اسرائیلی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اسرائیل بھر میں اسکول بند کردیے گئے ہیں، عوام کو گھروں سے ہی کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، مقبوضہ بیت المقدس میں سائرن بجنے لگے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل نے ایران کے خلاف ایک پیشگی حملہ کیا تاکہ اسرائیل کے لیے خطرات کو ختم کیاجاسکے۔
قطر میں امریکی سفارتخانے کے اہلکاروں کو شیلٹر میں جانے کی ہدایت
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق قطر میں امریکی سفارتخانےکے اہلکاروں کو شیلٹر میں جانےکی ہدایت کر دی گئی ہے اور امریکی سفارت خانے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگلے حکم تک شیلٹر میں رہیں۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ کئی ممالک نے اپنے شہریوں کو پہلے ہی فوری طور پر ایران چھوڑ نے کی ہدایات جاری کردی تھیں۔











