اتوار,  15 فروری 2026ء
اسلام آباد: سانحہ ترلائی کلاں کے شہداء اور زخمیوں کیلئے وزیراعظم کے امدادی پیکیج پر عملدرآمد شروع

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز): وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی جانب سے سانحہ ترلائی کلاں کے شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کی بحالی کیلئے اعلان کردہ امدادی پیکیج پر باضابطہ عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن سید ذیشان علی نقوی نے اسسٹنٹ کمشنر یاسر نذیر کے ہمراہ اتوار کے روز سانحہ ترلائی کے شہداء کے گھروں پر جا کر لواحقین میں پچاس، پچاس لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم کیے۔ اس موقع پر انہوں نے شہداء کے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق آئندہ ہفتے کے دوران تمام شہداء کے لواحقین اور زخمی افراد میں امدادی رقوم کی تقسیم کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ یاد رہے کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے سانحہ ترلائی کلاں کے شہداء کے لواحقین کیلئے 50 لاکھ روپے، شدید زخمیوں کیلئے 30 لاکھ روپے جبکہ معمولی زخمیوں کیلئے 10 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا تھا۔

سانحہ ترلائی کلاں کے متاثرہ خاندانوں اور شہداء کے لواحقین نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی حکومت کا بروقت امداد پر شکریہ ادا کیا ہے۔

مزید خبریں