هفته,  18 جولائی 2026ء
حاجی صادق خان اچکزئی کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک کی مذمت، غیرجانبدار تحقیقات کا مطالبہ

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)مظلوم عوامی تحریک پاکستان نے پارٹی چیئرمین حاجی صادق خان اچکزئی کے ساتھ زیارت میں پیش آنے والے مبینہ ناروا سلوک، ان کے ذاتی محافظوں کی گرفتاری اور مقدمات کے اندراج کی شدید مذمت کرتے ہوئےمطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیکر غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، گرفتار کارکنوں اور محافظوں کو بلا تاخیر رہا کیا جائے اور سیاسی سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈالنے کا سلسلہ بند کیا جائے، کارروائی سیاسی بنیادوں پر کی گئی، دہشت گردی سے نمٹنے اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے قبائلی عمائدین، جرگوں اور مقامی قیادت کو اعتماد میں لیا جائے، پارٹی کے مرکزی ترجمان اسد اللہ خان حقانی، راولپنڈی ڈویژن کے ضلعی صدر ندیم جاوید عرف نومی نے پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہےکہ بلوچستان اس وقت نازک حالات سے گزر رہا ہے اور ایسے وقت میں امن، مذاکرات اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حاجی صادق خان اچکزئی ایک معروف سماجی شخصیت، تاجر اور فلاحی کاموں میں پیش پیش رہنے والے رہنما ہیں، جو بلوچستان سمیت ملک بھر میں روزگار کی فراہمی اور مستحق افراد کی مدد کے حوالے سے جانے جاتے ہیں۔

پارٹی رہنماؤں کے مطابق زیارت میں شہداء کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کے بعد واپسی پر حاجی صادق خان اچکزئی کے قافلے کو مبینہ طور پر روکا گیا، ان سے پوچھ گچھ کی گئی اور ان کے تین ذاتی محافظوں کو اسلحہ لائسنس سے متعلق معاملات پر گرفتار کر لیا گیا۔ پارٹی کا مؤقف ہے کہ یہ کارروائی سیاسی بنیادوں پر کی گئی۔مرکزی ترجمان اسد اللہ حقانی نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کو ہراساں کرنا جمہوری اقدار کے منافی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، گرفتار کارکنوں اور محافظوں کو بلا تاخیر رہا کیا جائے اور سیاسی سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈالنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔پریس کانفرنس میں بلوچستان کے امن و امان کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے قبائلی عمائدین، جرگوں اور مقامی قیادت کو اعتماد میں لیا جائے، کیونکہ مسائل طاقت کے بجائے مذاکرات سے حل کیے جا سکتے ہیں۔پارٹی نے مطالبہ کیا کہ زیارت واقعے اور دیگر حالیہ واقعات کی تحقیقات کے لیے مکمل طور پر غیرجانبدار جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے اور اس کی سفارشات پر عملی طور پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔رہنماؤں نے کہا کہ بلوچستان کے وسائل پر سب سے پہلے بلوچستان کے عوام کا حق ہے، نوجوانوں کو روزگار، تعلیم اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں اور صوبے کی محرومیوں کا خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک اور دیگر ترقیاتی منصوبے بلوچستان کے عوام کی خوشحالی کا ذریعہ بننے چاہئیں۔افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے عمل کو اصولی طور پر درست قرار دیتے ہوئے پارٹی نے مطالبہ کیا کہ کارروائیوں کے دوران محب وطن پاکستانی قبائل اور شہریوں کو بلاوجہ ہراساں نہ کیا جائے۔

پریس کانفرنس کے دوران پارٹی رہنماؤں نے واضح کیا کہ مظلوم عوامی تحریک پاکستان الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے اور ملک بھر میں اپنی تنظیم سازی مکمل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد آن لائن رکنیت سازی کا باقاعدہ آغاز بھی کیا جائے گا۔آخر میں پارٹی نے حکومت پر زور دیا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے لیے تمام سیاسی، قبائلی اور سماجی قوتوں کو ساتھ لے کر چلتے ہوئے آئینی و جمہوری حقوق کا احترام کیا جائے، تاکہ صوبے میں دیرپا امن اور ترقی کی راہ ہموار ہو سکے۔

مزید خبریں