هفته,  18 جولائی 2026ء
کیا فیفا 2026 ورلڈ کپ فائنل تاریخ کا سب سے بڑا میوزک شو بننے جا رہا ہے؟

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) 2026 فیفا ورلڈ کپ کا فائنل صرف میدان میں سنسنی خیز مقابلے تک محدود نہیں ہوگا بلکہ دنیا بھر کے نامور گلوکار، موسیقار اور مشہور شخصیات بھی اس تاریخی ایونٹ کا حصہ بنیں گے۔ بہترین ٹیم کے چیمپئن بننے سے پہلے شائقین کو موسیقی، ثقافتی پروگراموں اور پہلی بار ہونے والے ہاف ٹائم شو سے محظوظ ہونے کا موقع ملے گا۔

19 جولائی کو نیویارک، نیو جرسی اسٹیڈیم میں فائنل سے قبل فیفا نے ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا ہے جہاں موسیقی، مشہور شخصیات کی شرکت اور ثقافتی پرفارمنسز ہوں گی۔

پری میچ تقریب کے مرکزی فنکار امریکی گلوکار اور ریپر پوسٹ میلون ہوں گے جبکہ ای جی او ٹی ایوارڈ یافتہ گلوکارہ جینیفر ہڈسن قومی ترانہ پیش کریں گی۔

ہاف ٹائم شو میں عالمی شہرت یافتہ پاپ اسٹار جسٹن بیبر، میڈونا، شکیرا، جنوبی کوریا کا مقبول بینڈ بی ٹی ایس، نائجیرین گلوکار برنا بوائے اور وینزویلا کے معروف آرکسٹرا کنڈکٹر گستاوو دودامل اپنی پرفارمنس پیش کریں گے۔

کیا رونالڈو نے 2030 کے فیفا ورلڈ کپ میں حصہ لینے کی تصدیق کر دی؟

اس تاریخی ہاف ٹائم شو کی تخلیقی نگرانی معروف برطانوی بینڈ کولڈ پلے کے مرکزی گلوکار کرس مارٹن کریں گے، جبکہ نیویارک کے PS 22 Chorus کی خصوصی پرفارمنس بھی پروگرام کا حصہ ہوگی۔ اس کے علاوہ بچوں کے پسندیدہ سیسمی اسٹریٹ کے کردار بھی تقریب میں خصوصی شرکت کریں گے۔

فیفا کے مطابق فائنل ویک اینڈ کے دوران ہالی ووڈ اداکار ٹام کروز، یوٹیوبر آئی شو اسپیڈ، گلوکار روبی ولیمز، نکول شرزنگر اور لورا پاؤسینی سمیت متعدد معروف شخصیات کی شرکت بھی متوقع ہے تاہم ان کے کردار کی تفصیلات تاحال جاری نہیں کی گئیں۔

 

 

میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 11 بجے شروع ہوگا تاہم تقریبات کا آغاز تقریباً رات 9:30 بجے ہو جائے گا۔ اختتامی تقریب میچ سے تقریباً 90 منٹ پہلے شروع ہوگی جس میں امریکا، کینیڈا اور میکسیکو پر مشتمل تین میزبان ممالک اور 16 میزبان شہروں میں 48 ٹیموں کے سفر کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔

فیفا نے فائنل دیکھنے آنے والے شائقین کو ہدایت کی ہے کہ وہ وقت سے پہلے اسٹیڈیم پہنچیں کیونکہ افتتاحی تقریبات میں تماشائی بھی سرگرم کردار ادا کریں گے۔

مزید خبریں