کوئٹہ(روشن پاکستان نیوز): وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) سمیت سب کی نانی بھارتی خفیہ ایجنسی را ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اپنے بیان میں کہا کہ صوبے میں امن آئے گا اور آپ تبدیلی دیکھیں گے، صوبے کو امن کی طرف بڑھنے سے کسی کا باپ نہیں روک سکتا، پاکستان اور بلوچستان لازم و ملزوم ہیں۔
قبل ازیں، سرفراز بگٹی نے آئی ایس پی آر سمر کیمپ میں طلبا و طالبات کے ساتھ خصوصی نشست کے دوران کہا کہ دہشتگردوں نے بلوچستان کے غیور عوام کو ساتھ نہ دینے پر بے دردی سے شہید کیا، منگی ڈیم کو اس لیے نشانہ بنایا گیا کیونکہ یہ بلوچستان میں پانی کی فراہمی کا اہم منصوبہ ہے، پولیس پر حملے کے بعد مدد کیلیے جانے والی فورس پر بھی حملہ کیا گیا، واقعے پر جوڈیشل کمیشن بنا دیا گیا، تمام حقائق قوم کے سامنے آ جائیں گے۔
ہنگو میں سکیورٹی فورسز کیساتھ جھڑپ ، ٹی ٹی پی کمانڈر مارا گیا
سرفراز بگٹی نے کہا کہ کوئٹہ دھرنے میں کچھ سیاسی لیڈر نے ریاست سے متعلق گمراہ کن پروپیگنڈا کیا، پاکستان کے خلاف جاری منظم سازش کو پاک فوج اور بلوچ عوام ناکام بنائیں گے، پاکستان نے فیلڈ مارشل کی قیادت میں بھارت کو جارحیت کا بھرپور جواب دیا، معرکہ حق میں پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی ایما پر لڑنے والے دہشتگردوں نے معرکہ حق میں اپنے ماسٹر مائنڈ کا حشر دیکھ لیا، دہشتگردی اور تشدد کو کسی صورت بھی جائز قرار نہیں دیا جا سکتا، پاکستان ایک قومی ریاست کے طور پر ہمیشہ قائم رہنے کیلیے بنا ہے، ہمارا مستقبل انتہائی روشن ہے ہر شخص بغیر کسی خوف کے آزاد زندگی گزارے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشتگردی کیلیے استعمال ہو رہی ہے۔











