اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)الہام کریئیٹو (Ilham Creative) نے کراچی کے گل پلازہ آتشزدگی سے متاثرہ دکانداروں کی کاروباری بحالی کے لیے “گل پلازہ بازار” کے نام سے ایک مفت ڈیجیٹل مارکیٹ پلیس متعارف کرا دی ہے، جس کے ذریعے متاثرہ تاجر بغیر کسی فیس کے اپنی آن لائن دکان قائم کرکے دوبارہ کاروبار شروع کر سکیں گے۔نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کمپنی کے بانی و سی ای او سیدوجاعت علی، شریک بانی سید سیف اور پروڈکشن ڈائریکٹر عبداللہ نے کہا کہ 17 جنوری 2020 کو گل پلازہ میں پیش آنے والے افسوسناک سانحے نے سینکڑوں دکانداروں، مزدوروں اور کاروباری افراد کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ اس سانحے کے بعد کمپنی نے اپنی مدد آپ کے تحت ایک ایسا ڈیجیٹل پلیٹ فارم تیار کرنے کا فیصلہ کیا جہاں متاثرہ دکاندار فوری طور پر اپنی کاروباری سرگرمیاں دوبارہ شروع کر سکیں۔انہوں نے بتایا کہ کمپنی نے اپنے وسائل، آئی ٹی ماہرین اور سرمایہ استعمال کرتے ہوئے گل پلازہ ڈاٹ کام کے نام سے مارکیٹ پلیس تیار کی ہے، جہاں متاثرہ تاجر اپنی دکان رجسٹر کر کے مصنوعات اپ لوڈ کر سکتے ہیں، آرڈرز وصول کر سکتے ہیں اور اپنے کاروبار کو دوبارہ فعال بنا سکتے ہیں۔
سید سجاد علی کا کہنا تھا کہ یہ پلیٹ فارم مکمل طور پر مفت ہے اور اس کا مقصد کسی قسم کی مالی فوائد حاصل کرنا نہیں بلکہ متاثرہ تاجروں کی مدد کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ دکاندار اپنی سابقہ دکان نمبر اور معلومات کے ساتھ رجسٹریشن کریں گے جبکہ مصنوعات کی خرید و فروخت، آرڈر مینجمنٹ اور دیگر سہولیات بھی انہیں فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے حوالے سے گل پلازہ کی تاجر ایسوسی ایشن سے بھی رابطہ کیا گیا تھا تاکہ دکانوں کے ڈیٹا کی تصدیق ممکن ہو سکے، تاہم مطلوبہ تعاون حاصل نہ ہو سکا۔ اس کے باوجود کمپنی نے منصوبہ مکمل کر کے متاثرین کے لیے پیش کر دیا۔اس موقع پر کمپنی کے ڈائریکٹر محمد عبداللہ نے مارکیٹ پلیس کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے بتایا کہ ویب سائٹ کو گل پلازہ کی اصل ساخت کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ تاجروں کو مانوس ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک متعدد دکاندار اپنی دکانیں رجسٹر کر چکے ہیں جبکہ پلیٹ فارم پر 24 گھنٹے کسٹمر سپورٹ بھی دستیاب ہے۔محمد عبداللہ نے بتایا کہ تاجر اپنی مصنوعات، قیمتیں، تصاویر اور دیگر معلومات اپ لوڈ کر سکتے ہیں، آرڈرز وصول کر سکتے ہیں اور مختلف کورئیر سروسز کے ذریعے ملک بھر میں سامان کی ترسیل بھی ممکن ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے ویڈیو ٹیوٹوریلز اور موبائل ایپلی کیشن بھی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ ہر دکاندار آسانی سے نظام استعمال کر سکے۔پریس کانفرنس میں الہام کریئیٹو کی جانب سے وفاقی و صوبائی حکومت، میڈیا اور تمام متعلقہ اداروں سے اپیل کی گئی کہ وہ اس فلاحی منصوبے کی تشہیر میں تعاون کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ متاثرہ دکاندار اس سہولت سے فائدہ اٹھا کر اپنے کاروبار دوبارہ شروع کر سکیں۔ کمپنی نے واضح کیا کہ مستقبل میں پلیٹ فارم کو مزید وسعت دے کر دیگر تاجروں کو بھی شامل کرنے کا منصوبہ موجود ہے، تاہم فی الحال اس کا اولین مقصد گل پلازہ کے متاثرین کی بحالی ہے۔











