منگل,  03 فروری 2026ء
روس میں آسمان پر نایاب منظر، چار چاند ایک ساتھ نظر آنے کا دلکش منظر

سینٹ پیٹرزبرگ(روشن پاکستان نیوز)  روس میں آسمان پر چار چاند دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے۔ چار چاند کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں آسمان پر ایک نایاب اور دلکش فلکیاتی مظہر دیکھنے میں آیا۔ جہاں چاند کے ساتھ تین مزید روشن عکس نمودار ہوئے اور یوں محسوس ہوا جیسے آسمان پر ایک ساتھ چار چاند موجود ہوں۔ اس حیران کن منظر کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں۔

وائرل ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز میں اصل چاند کے اطراف کئی روشن گول دائروں کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ جس نے دیکھنے والوں کو حیرت میں مبتلا کر دیا۔

روس کے سرکاری خبر رساں ادارے آر ٹی نے بھی اس غیر معمولی منظر کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کیا ہے۔

سونے چاندی کی قیمتوں کو ریورس گیئر لگ گیا، بڑی کمی واقع

ماہرین فلکیات کے مطابق اس مظہر کو سائنسی زبان میں ’پیراسیلین‘ کہا جاتا ہے۔ جسے عام طور پر ’فرضی چاند‘ یا ’مون ڈاگ‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نایاب منظر اس وقت تشکیل پاتا ہے۔ جب سرد موسم میں چاند کی روشنی فضا میں موجود برف کے ننھے ذرات سے گزرتی ہے۔ یہ ذرات روشنی کو مخصوص زاویئے پر موڑ دیتے ہیں۔ جس کے نتیجے میں چاند کے اطراف اضافی روشن دھبے نظر آنے لگتے ہیں۔

فلکیاتی ماہرین کے مطابق پیراسیلین عموماً اصل چاند سے تقریباً 22 ڈگری یا اس سے زیادہ فاصلے پر دکھائی دیتے ہیں۔ اور یہ اصل چاند کے مقابلے میں زیادہ مدھم ہوتے ہیں۔ یہ مظہر اس وقت زیادہ نمایاں نظر آتا ہے جب چاند افق کے قریب ہو۔ کیونکہ اس دوران چاند کی چمک نسبتاً کم ہو جاتی ہے۔

فلکیاتی ادارے ’اسکائی بریری‘ کے مطابق یہ روشن دھبے ہمیشہ افق کے اوپر چاند کی ہی سطح پر ظاہر ہوتے ہیں۔ ان کی شکل اور جسامت کا انحصار بادلوں میں موجود برفانی ذرات کے زاویے اور حرکت پر ہوتا ہے۔ بڑے برفانی ذرات عموماً لمبے اور نمایاں روشنی کے ستون بناتے ہیں، جو اس منظر کو مزید ڈرامائی بنا دیتے ہیں۔

اگرچہ پیراسیلین کا تعلق دن کے وقت نظر آنے والے ’سن ڈاگز‘ سے ہوتا ہے۔ تاہم ایک ہی وقت میں کئی فرضی چاند دکھائی دینا نہایت کم ہوتا ہے۔ سینٹ پیٹرزبرگ کا یہ منظر اسی وجہ سے منفرد قرار دیا جا رہا ہے۔ کہ بیک وقت متعدد پیراسیلین نظر آئے اور آسمان پر چار چاند ہونے کا تاثر پیدا ہوا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ مظہر اس بات کی یاد دہانی ہے۔ کہ موسمی اور فضائی حالات کس طرح ایک عام رات کو غیر معمولی اور یادگار بنا سکتے ہیں۔ جن خوش نصیب افراد نے یہ منظر اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ ان کے لیے یہ رات یقیناً حیرت اور خاموش مسرت کا باعث بن گئی۔

مزید خبریں