اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) جرنلسٹ پینل کے نہایت متحرک، مخلص اور ہر دلعزیز ساتھی نعیم قریشی کو اسلام آباد میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ میں صحافیوں، شہریوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور وکلاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ان کی پیشہ ورانہ خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
نمازِ جنازہ میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) کے صدر افضل بٹ، راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (RIUJ) کے سابق صدور طارق علی ورک، عامر سجاد سید، انور رضا، فنانس سیکرٹری اظہار خان نیازی، ایگزیکٹو ممبر غفران چشتی، دوست محمد، سابق سینیٹر جوائنٹ سیکرٹری گلزار خان، نیشنل پریس کلب کے سینئر نائب صدر احتشام الحق، شیخ نوید، قربان ستی، بلال ڈار، فرحت عباسی، سردار حمید، سردار شاہد، تیمور جدون، حمید عباسی، اقبال ملک، قیصر شاہ، عامر بٹ، زاہد فاروق ملک، علمدار حسین، سردار شوکت سمیت مختلف صحافتی تنظیموں کے نمائندے بھی موجود تھے۔
صحافی نعیم قریشی کا ہارٹ اٹیک سے انتقال، نماز جنازہ آج دوپہر 3 بجے ادا کی جائے گی
شرکاء نے مرحوم کی خوش اخلاقی، پیشہ ورانہ دیانت، ساتھیوں سے خلوص اور صحافتی برادری کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نعیم قریشی کی وفات سے صحافتی حلقوں میں ایک بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے جو مدتوں پُر نہیں ہو سکے گا۔
اس موقع پر شرکاء نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور اظہارِ یکجہتی کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ نعیم قریشی کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل دے۔ آمین۔











