جمعرات,  03 جولائی 2025ء
شیفالی جریوالا کی موت کی خبروں پر معروف عالم دین مفتی طارق مسعود کا ردعمل بھی سامنے آ گیا

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) بھارت کی معروف اداکارہ شیفالی جریوالا کی موت کے بعد جہاں شوبز ستاروں نے دکھ کا اظہار کیا وہیں معروف مذہبی اسکالر و مفتی طارق مسعود کا شیفالی کی موت پر تبصرہ بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔

مفتی طارق مسعود نے کہا کہ بھارت کی ایک مشہور اداکارہ کی موت ہوگئی، بتانے والے بتارہے تھے کہ بہت مشہور تھی اور دنیا میں اس کے بڑے گانے چلے، جس پر میں نے کہا کہ اب تو لوگوں کو بڑی عبرت ہوئی ہوگی کہ اس نے دنیا میں اتنی عزت کمائی اور وہ عزت ایک منٹ میں خاک میں مل گئی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ چونکہ وہ ہندو تھی اس لیے اس کو جلایا گیا ہوگا اس کو دیکھ کر لوگوں کو مزید عبرت ہوئی ہوگی کیونکہ وہ اداکارہ تھی خوبصورت تو ہوگی پھر وہ اچانک مر گئی تو اس کو جلا کر اس کی راکھ بنادی گئی اس راکھ کو دیکھ کر ہندوؤں کو عبرت ہوئی ہوگی کہ یہ انسان کی حقیقت ہے کہ اتنی ترقی کرو کہ آسمان کی بلندیوں تک پہنچو اور ایک دم ختم ہو جاؤ۔

مفتی طارق مسعود نے کہا کہ ایک منٹ میں سب ملیا میٹ ہو گیا لیکن انسان کی عبرت کی آنکھیں اندھی ہو چکی ہیں۔ لوگ عبرت حاصل کرنے کے بجائے ایصالِ ثواب کے لیے شیفالی کے گانے چلا رہے ہیں، فلیمیں دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہونا یہ چاہیے تھا کہ اس کو دیکھ کر  تمام اداکار عبرت حاصل کریں کہ اتنی فٹنس کے بعد بھی اس کے ساتھ کیا ہوا۔

مزید پڑھیں: ایشیا کپ ، پاکستان اور بھارت کم سے کم دو بار ٹکرائیں گے

انہوں نے بتایا کہ میں نے سنا ہے کہ ایک اداکارہ صرف میک اپ پر سالانہ 2 کروڑ  لگاتی ہے، تاکہ دکھنے میں حسین نظر آئے، جب تک وہ پُر کشش ہوتی ہیں تو دنیا انہیں سلیوٹ کرتی ہے،ان کے ساتھ سیلفی اور آٹوگراف لیتی ہے۔ اب وہ مر گئی تو اس کے ساتھ سیلفی لو اور کہو کہ ہمیں قبر میں اس کے ساتھ لے کر جاؤ۔

طارق مسعود نے کہا کہ غیر مسلموں کے مردے جلانے کا عمل بہت خوفناک ہوتا ہے ایک صارف نے کمنٹ کیا تھا کہ شکر ہے میں مسلمان ہوں لیکن پھر بھی عبرت نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ لوگ غیرمسلموں کے مرنے پر ان کی مغفرت کی دعائیں کرتے ہیں جب وہ زندہ تھا تب دعا کر سکتے ہیں جبکہ اسلام میں غیر مسلم کے مرنے پر دعا کی اجازت نہیں ہے۔ اللہ کہے گا کہ اس نے ساری دنیا کو خوش کیا مگر مجھے خوش نہیں کیا اور اس کی سزا ہے کہ اس کے لیے دعا کی اجازت نہیں ہے۔

مزید خبریں