گورنمنٹ گریجوایٹ کالج اٹک میں مفت ایم ڈی کیٹ و ای کیٹ کلاسز کا شاندار آغاز

اٹک (شہزاد حسین بھٹی سے) گورنمنٹ گریجوایٹ کالج اٹک میں حکومت پنجاب، ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ہدایات پر 12 جون سے موسم گرما کی تعطیلات کے دوران مفت ایم ڈی کیٹ اور ای کیٹ کلاسز کا کامیاب آغاز ہو چکا ہے۔ ان کلاسز میں علاقے بھر سے میڈیکل اور انجینئرنگ کے خواہشمند طلبہ و طالبات بھرپور انداز میں شریک ہو رہے ہیں۔

ان کورسز کی نگرانی گورنمنٹ کالج اٹک کے اعلیٰ تعلیم یافتہ، تجربہ کار اور قابل اساتذہ و پروفیسرز کر رہے ہیں۔ یہ کورسز ان طلبہ و طالبات کے لیے ایک بہترین موقع ہیں جو مہنگے نجی اداروں میں داخلہ لینے کی استطاعت نہیں رکھتے۔

رواں سال بھی گورنمنٹ گریجوایٹ کالج اٹک راولپنڈی ڈویژن میں اول نمبر پر رہا ہے جہاں مفت کورسز کرنے والے طلبہ و طالبات کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور اس میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ اس شاندار کارکردگی پر متعلقہ حکام نے کالج کے پرنسپل ڈاکٹر سید محمد عمران اور ان کی ٹیم کو سراہا اور ان کی تعلیمی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

گزشتہ سال 2024 میں بھی اسی کالج نے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ہدایت پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ گورنمنٹ کالج اٹک سے 130 طلبہ و طالبات نے مفت ایم ڈی کیٹ اور ای کیٹ کورسز میں شرکت کی، جنہوں نے انٹری ٹیسٹ میں 81 فیصد سے 95 فیصد نمبرز حاصل کر کے میڈیکل اور انجینئرنگ کالجز میں داخلہ حاصل کیا اور کالج کا نام روشن کیا۔

اس سال بھی 2025 میں علاقے کے والدین اور تعلیمی حلقے گورنمنٹ کالج اٹک کی اس کاوش کو سراہ رہے ہیں اور کالج کے پرنسپل ڈاکٹر سید محمد عمران سمیت تمام اساتذہ کی محنت پر ان کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔

مزید خبریں