لاہور(روشن پاکستان نیوز) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے آندھی اور بارشوں کا الرٹ جاری کردیا، جس کے مطابق 27 سے 31 مئی کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی، گرد آلود ہوائیں اور بارش کی پیشگوئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاوالدین، گجرات، جہلم، گجرانوالہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔
لاہور، قصور، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خوشاب، سرگودھا اور میانوالی میں بارشوں کے امکانات ہیں جبکہ 27 سے 30 مئی تک جنوبی پنجاب ملتان ڈیرہ غازی خان بہاولپور اور بہاولنگر میں بھی بارش پیشگوئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کے مطابق بارشوں کے سلسلے سے گرمی اور ہیٹ ویو کی شدت میں کمی واقع ہوگی، اسکول ایجوکیشن، محکمہ صحت آبپاشی، تعمیر و مواصلات لوکل گورنمنٹ اور لایئو سٹاک کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
شہری آسمانی بجلی سے تحفظ کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں، عوام الناس بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں، ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔
این ڈی ایم اے کی 27 مئی تا یکم جون تک ممکنہ موسمی صورتحال پر ایڈوائزری جاری
دوسری جانب این ڈی ایم اے نے 27 مئی تا یکم جون تک ممکنہ موسمی صورتحال پر ایڈوائزری جاری کردی، جس کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں تیزہوائوں، گرج چمک کے یاتھ بارش اور ممکنہ ژالہ باری کا امکان ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق 27 مئی سے یکم جون تک اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق پنجاب میں لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، سیالکوٹ اور ساہیوال میں بارش کا امکان ہے جبکہ جنوبی پنجاب میں 27 سے 29 مئی تک ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر اور مظفر گڑھ میں ہلکی بارش اور تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔
الرٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں تیزہوائوں اور گرج چمک بارش ہوسکتی ہے جبکہ بلوچستان میں 27 سے 29 مئی تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں موسلا دھار بارش، ژالہ باری اور لینڈ سلائیڈنگ ہوسکتی ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید بارشیں لینڈ سلائیڈنگ کا باعث بن سکتی ہیں۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی ہدایت کردی۔
کراچی : ہیٹ ویو الرٹ جاری، گرمی 45 ڈگری تک محسوس کیےجانے کا امکان
شہر قائد میں گرمی کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم انتہائی گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جبکہ محسوس کی جانے والی گرمی کی شدت 45 ڈگری تک پہنچنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دن کے اوقات میں سمندری ہوائیں بند رہیں گی، جس کے باعث سورج کی تپش میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ اس وقت شہر کا موجودہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے تاہم گرمی کی شدت 39 ڈگری تک محسوس کی جا رہی ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ شہر میں مغربی ہوائیں 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 56 فیصد تک پہنچ چکا ہے، جو حبس اور پسینے کا باعث بن رہا ہے۔
مزید پڑھیں: گرمیوں کا موسم اور متوقع چیلنجز کا سامنا
ماہرین صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، ہلکے اور کھلے رنگ کے کپڑے پہنیں، اور پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں تاکہ گرمی کے اثرات سے بچا جا سکے۔