اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نامزد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے ترجیحی ایجنڈا جاری کردیا۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا ثقافت اور روایات کا صوبہ ہے، چادر و چاردیواری کا مکمل احترام یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہو گی، پورے صوبے کے لیے ہیلتھ کارڈ بحال کریں، لنگر خانہ اور پناہ گاہوں کو فعال کریں۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ خواتین کے حقوق کے لیے مفت قانونی مدد فراہم کریں گے، صوبے میں قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائیں گے، لاقانونیت کو فروغ دینے میں کردار ادا کرنے والوں کا احتساب کرنا ہوگا۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ وہ شہداء کے خاندانوں کے لیے خصوصی پیکج کا بندوبست کریں گے اور صوبے کو معاشی طور پر خود مختار بنائیں گے، شہریوں کی فلاح و بہبود اور ترقی پر توجہ دیں گے۔