جمعرات,  30 جنوری 2025ء
حافظ آباد: چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کا افتتاح، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سارہ احمد کا اہم اقدام

حافظ آباد(شوکت علی وٹو) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر، چئیرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب سارہ احمد نے حافظ آباد میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر سارہ احمد نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی مکمل حمایت سے چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کا آغاز کیا گیا ہے جو یونیسف پاکستان کے اشتراک سے بے سہارا اور لاوارث بچوں کو مختلف سہولتیں فراہم کرے گا۔

سارہ احمد نے مزید کہا کہ یہ یونٹ بچوں کے تحفظ کے لیے ایک ریفرل یونٹ کے طور پر کام کرے گا اور حافظ آباد میں بچوں کے ساتھ زیادتی اور استحصال کے واقعات میں کمی لانے کے لیے عوامی آگاہی مہم چلائی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چائلڈ پروٹیکشن یونٹ حافظ آباد میں بچوں کے استحصال سے بچاؤ کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔

چیئرپرسن سارہ احمد نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے دائرہ کار کو پنجاب کے تمام اضلاع تک پھیلایا جا رہا ہے اور چائلڈ پروٹیکشن یونٹس قائم کرنے میں وزیراعلیٰ، چیف سیکرٹری پنجاب، ہوم ڈیپارٹمنٹ اور دیگر محکموں کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر سارہ احمد نے چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کے مختلف سیکشنز کا دورہ کیا اور بچوں کے ساتھ وقت گزارا۔ سابقہ ایم این اے سائرہ افضل تارڑ اور ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عبد الرزاق بھی اس موقع پر موجود تھے، جنہوں نے چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کے قیام پر سارہ احمد کا شکریہ ادا کیا۔

افتتاحی تقریب میں چائلڈ پروٹیکشن آفیسر یونیسف زاہدہ منظور، ڈائریکٹر جنرل چائلڈ پروٹیکشن بیورو آفتاب احمد خان، ڈائریکٹر پروگرام عثمان اکرم اور مختلف محکموں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں: حافظ آباد: ڈسٹرکٹ جیل میں ہیپاٹائٹس اور ایڈز سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی سیشن

مزید خبریں