پشاور(روشن پاکستان نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے وفاقی حکومت سے متنازعہ کمیٹی کو نوٹیفکیشن واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے وزیر اعظم شہباز شریف کو خط لکھا۔ جس میں ضم اضلاع کے فنڈز سے متعلق تشکیل دی گئی وفاقی حکومت کی کمیٹی پر تحفظات کا اظہار کیا۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ 25ویں آئینی ترمیم کے تحت فاٹا خیبرپختونخوا میں ضم ہوا۔ اور آئین کے مطابق ضم شدہ اضلاع تمام انتظامی اختیارات خیبر پختونخوا حکومت کے پاس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن آئین کی خلاف ورزی اور صوبائی حکومت کے اختیار کی نفی ہے۔
مزید پڑھیں: 2025 کا پہلا ایم پاکس کیس پشاور ائیر پورٹ سے رپورٹ
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے وفاقی حکومت سے متنازعہ کمیٹی کا نوٹیفکیشن واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اپنے آئینی حقوق کے لیے صوبائی حکومت اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کر سکتی ہے۔