اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حج 2025 کی تیاری میں کسی قسم کی لاپرواہی قبول نہیں کی جائے گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت حج 2025 کی تیاریوں کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف کو حج 2025 کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ حج 2025 کی تیاری میں کسی قسم کی لاپرواہی قبول نہیں کی جائے گی۔ اور حج 2025 میں عازمین حج کے لیے ہر قسم کی معاونت و سہولت یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ حج 2025 کی تیاریوں کے حوالے سے جامع بریفنگ آئندہ چند روز میں پیش کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: سرکاری حج اسکیم :عازمین نے 48 ارب 90 کروڑ روپے جمع کرا دیے
وزیر اعظم شہباز شریف نے معاونینِ حج کے انتخاب کے طریقہ کار اور دیگر انتظامات پر بھی تفصیلی بریفنگ طلب کرتے ہوئے کہا کہ عازمین حج کو حج 2025 کے حوالے سے تربیت کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔
شہباز شریف نے حج ڈیوٹی پر اچھی شہرت کے قابل افسران کو تعینات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عازمین حج کی رہائش، سفری و دیگر سہولیات کا خاص خیال رکھا جائے۔