جمعرات,  09 جنوری 2025ء
پاکستان، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا کے درمیان سہہ ملکی سیریز کا مقام تبدیل، اب کہاں کھیلی جائے گی؟
پاکستان، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا کے درمیان سہہ ملکی سیریز کا مقام تبدیل، اب کہاں کھیلی جائے گی؟

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان چیمپیئنز ٹرافی سے قبل سہہ ملکی ون ڈے سیریز ملتان کے بجائے اب کراچی اور لاہور میں کھیلی جائے گی، دونوں شہر 19 فروری سے شروع ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی بھی کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جاری اعلامیے میں بتایا کہ ٹرائی سیریز اب ملتان کے بجائے کراچی اور لاہور کے نئے تعمیر شدہ اسٹیڈیمز میں کھیلی جائے گی۔

3 ملکی سیریز میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا پاکستان کے ساتھ شامل ہوں گے جبکہ سیریز اصل میں ملتان میں شیڈول تھی تاہم اب اس سیریز کو کراچی اور لاہور منتقل کردیا گیا ہے۔

پی سی بی اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ بورڈ کے ان اپ گریڈ شدہ مقامات کی تیاری پر اعتماد، کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کے لیے عالمی معیار کے تجربے کی فراہمی کی عکاسی کرتا ہے۔

خیال رہے کہ تینوں ممالک کے درمیان ٹرائی سیریز فروری کے دوسرے ہفتے میں کھیلی جائے گی جبکہ نیشنل اسٹیڈیم اور قذافی اسیٹڈیم میں تیاریوں کے حتمی مراحل میں داخل ہونے کے پیشِ نظر سہ فریقی سیریز کو منتقل کیا گیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق اسٹیڈیمز کے ترقیاتی کام مقررہ وقت میں مکمل کرکے مذکورہ اسٹیڈیمز میں سہ فریقی ون ڈے سیریز کے میچز کرائے جائیں گے۔

قذافی اسٹیڈیم میں اپ گریڈیشن

دوسری جانب چیمپئنز ٹرافی کی تیاریاں بھی بھرپور انداز میں جاری ہیں جس کیلئے قذافی اسٹیڈیم کی گنجائش 35 ہزار تماشائیوں تک بڑھا دی گئی ہے اور پورے اسٹیڈیم میں نئی کرسیاں لگائی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی، بابراعظم سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گئے

اسٹیڈیم میں براڈکاسٹ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے 480 جدید ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں جو شائقین کے لیے شاندار ویوئنگ کوالٹی فراہم کریں گی۔

تماشائیوں کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کے لیے 2 بڑے ڈیجیٹل ری پلے اسکرینز آئندہ ہفتے نصب کی جائیں گی۔

مزید خبریں