اتوار,  22 دسمبر 2024ء
جنوبی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر حملہ، 16 اہلکار شہید

راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) جنوبی وزیرستان کے ضلع مکین میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر خوارج کے حملے میں 16 اہلکار شہید ہوگئے، جبکہ جوابی کارروائی میں 8 خوارج ہلاک کردئے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20 اور 21 دسمبر کی درمیانی شب خوارج کے ایک گروپ نے جنوبی وزیرستان کے ضلع مکین کے جنرل ایریا میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔

حملے کی اس کوشش کو فورسز نے مؤثر طریقے سے ناکام بنایا اور فائرنگ کے تبادلے میں آٹھ خوارج کو ہلاک کردیا۔

تاہم، اس شدید فائرنگ کے تبادلے مٹی کے سولہ بہادر بیٹوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگایا۔

آئی اسی پی آر کا کہنا ہے کہ اس گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

شہید اہلکاروں کی تفصیلات

شہید اہلکاروں میں 30 سالہ لانس نائیک لیاقت علی شہید کا تعلق ضلع کرم سے ہے، جنہوں نے 11 سال پاک فوج میں رہتے ہوئے دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا۔

اکتیس سالہ لانس نائیک محمد اسحاق شہید ضلع کرک کے رہائشی ہیں جنہوں نے 9 سال پاک فوج میں ذمہ داریاں نبھائیں۔

اڑتیس سالہ حوالدار ایوب خان شہید کا تعلق ضلع اٹک سے ہے جنہوں نے اپنی زندگی کے 15 سال پاک فوج کو دیئے۔

چالیس سالہ حوالدار عمر حیات شہید کا تعلق ضلع کوہاٹ سے ہے اور انہوں نے 17 سال تک پاک فوج میں رہتے ہوئے دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا۔

چھبیس سالہ سپاہی محبوب رحمان شہید کا تعلق ضلع ٹانک سے ہے، انہوں نے اپنی زندگی کے 8 سال پاک فوج کو دیئے اور وطن کا دفاع کیا۔

سینتیس سالہ حوالدار محمد حیات شہید بنوں کے رہائشی ہیں، حوالدار محمد حیات شہید نے 17 سال پاک فوج میں ذمہ داریاں نبھائیں۔

چھبیس سالہ لانس نائیک شیر محمد شہید کا تعلق ضلع مالاکنڈ سے ہے اور انہوں نے اپنی زندگی کے 7 سال پاک فوج کو دیئے۔

بائیس سالہ سپاہی احسان الحق شہید کا تعلق ضلع لوئر دیر سے ہے، سپاہی احسان الحق شہید نے 4 سال پاک فوج میں رہتے ہوئے وطن کا دفاع کیا۔

پچیس سالہ سپاہی جنید شہید کا تعلق ضلع خیبر سے ہے جنہوں نے اپنی زندگی کے 3 سال پاک فوج کو دیئے۔

انتیس سالہ لانس نائیک حامد علی شہید کا تعلق ضلع صوابی سے ہے، سپاہی حامد علی شہید نے اپنی زندگی کے 8 سال پاک فوج کو دیئے۔

مزید پڑھیں:ہم فوج سے اور فوج ہم سے ہے، پیر پگارا

چھبیس سالہ سپاہی کلیم اللہ شہید ضلع لکی مروت کے رہائشی ہیں، جنہوں نے 3 سال تک پاک فوج میں رہتے ہوئے خدمات سرانجام دیں۔

اکتالیس سالہ حوالدار طاہر محمود شہید کا تعلق ضلع کوہاٹ سے ہے، حوالدار طاہر محمود شہید نے 18 سال پاک فوج میں رہتے ہوئے وطن کا دفاع کیا۔

انتیس سالہ لانس نائیک مصور شاہین شہید ضلع کوہاٹ کے رہائشی ہیں، لانس نائیک مصور شاہین شہید نے 7 سال تک پاک فوج میں خدمات سرانجام دیں۔

بائیس سالہ سپاہی فیض محمد شہید کا تعلق ضلع مانسہرہ سے ہے، جنہوں نے اپنی زندگی کے 4 سال پاک فوج کو دیئے۔

تئیس سال سپاہی طیب علی شہید کا تعلق ضلع ہری پور سے ہے، سپاہی طیب علی شہید کو پاک فوج میں بھرتی ہوئے صرف ایک سال کا عرصہ ہوا تھا اور انہوں نے سوگواران میں والدین چھوڑے ہیں۔

چھبیس سالہ سپاہی جنید شہید کا تعلق ضلع شانگلہ سے ہے، سپاہی جنید شہید نے پاک فوج میں 4 سال تک دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا اور سوگواران میں والدین اور اہلیہ چھوڑے ہیں۔

مزید خبریں