جمعرات,  05 دسمبر 2024ء
پی ٹی آئی نے غلط کیا ، حکومت نے بھی تو غلط کیا ، اسلام آباد ہائیکورٹ اسٹیٹ کونسل پر برہم

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے حکومت اور انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ نے امن و امان بحال کرنا تھا لیکن آپ نے تو پورا اسلام آباد بند کر دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں 24 نومبر کے پی ٹی آئی کے احتجاج کے خلاف اسلام آباد کے تاجروں کی توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ درخواست گزار نے کہا کہ ہمارے کاروبار کو چلنے دیں، آپ نے میڈیا پر ہر جگہ کہا اسلام آباد ہائیکورٹ کے آرڈر پر ہم اجازت نہیں دے رہے۔

جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ عدالت نے آپ سے کہا تھا کہ شہریوں، تاجروں اور مظاہرین کے بنیادی حقوق کا خیال رکھیں، وہ پی ٹی آئی سے بھی پوچھیں گے کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کیوں کی گئی؟۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے غلط کیا تو حکومت نے بھی تو غلط ہی کیا، درخواست گزار کا کیا قصور تھا؟ ان کے کاروبار کو کیوں بند کیا؟
اسٹیٹ قونصل ملک عبدالرحمٰن نے کہا کہ کچھ رپورٹس آگئی ہیں اور کچھ رپورٹس آنا باقی ہیں۔

چیف جسٹس نے اسٹیٹ کونسل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ پہلی بار عدالت میں پیش ہوئے ہیں، یہ ماہرانہ رائے وہاں دینی تھی، آپ نے اسلام آباد کو ایسے بند کیا تھا کہ ججز سمیت میں بھی نہیں آ سکا، میں اپنے ہی آرڈر کا خود ہی شکار ہو گیا تھا۔

مزید پڑھیں: بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی اور کئی افرادکے وارنٹ گرفتاری جاری

بعد ازاں عدالت نے وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک کے لیے ملتوی کر دی۔

مزید خبریں