جمعرات,  14 نومبر 2024ء
راولپنڈی پولیس کا پبلک سروس گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری، 1600 سے زائد ان فٹ گاڑیاں بند، 10 ہزار سے زیادہ گاڑیوں کے چالان

راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) – سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر راولپنڈی پولیس نے پبلک سروس گاڑیوں کی فٹنس، روٹ پرمٹ اور لائسنس چیکنگ کا سلسلہ مزید تیز کر دیا ہے۔ اس دوران گزشتہ 75 دنوں میں 1600 سے زائد ان فٹ گاڑیاں بند کر دی گئیں اور 10,418 پبلک سروس گاڑیوں کے چالان کیے گئے۔

سی پی او سید خالد ہمدانی کے مطابق، قانون کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں پر 1 کروڑ 12 لاکھ 57 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ بغیر لائسنس گاڑی چلانے والے 839 ڈرائیوروں کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔ اس کے علاوہ، غفلت برتنے والے 27 ڈرائیوروں کے لائسنس منسوخ کیے گئے ہیں۔

پبلک سروس گاڑیوں کے ڈرائیوروں اور مالکان کے خلاف 52 مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ، غفلت اور کوتاہی کے مرتکب گاڑیوں کے مالکان اور اڈہ منیجرز کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا کہ شہریوں کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے والے تمام عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور اس کریک ڈاؤن کو مزید موثر بنایا جائے گا تاکہ پبلک سروس گاڑیوں کی حفاظت اور معیاری خدمات کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزید خبریں