جمعه,  01 نومبر 2024ء
تاجر اتحاد گروپ کی حمایت سے عاطف جمیل بٹ کا ایف ٹین مرکز کی صدارت کے لیے انتخاب لڑنے کا اعلان

 

اسلام آباد (سٹی رپورٹر) اسلام آباد ریئل اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدر عاطف جمیل بٹ نے ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن ایف ٹین مرکز کے صدارت کے لیے ہونے والے انتخابات میں تاجر اتحاد گروپ کے پلیٹ فارم سے حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف ٹین مرکز کی آٹو ورکشاپس، آٹو ڈیکوریشن، ٹیلر برادری اور ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس برادری نے ان کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔

اس موقع پر عاطف جمیل بٹ نے کہا کہ ایف ٹین مرکز کے تمام تاجر تبدیلی کے خواہاں ہیں، اور تاجر اتحاد گروپ ایف ٹین مرکز میں تبدیلی کا نشان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس گروپ میں شمولیت اختیار کرنے والے تمام تاجروں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے یہ بات واضح ہو رہی ہے کہ ایف ٹین مرکز میں جمود طاری تھا اور تاجروں کی صحیح نمائندگی نہیں ہو رہی تھی۔

عاطف جمیل بٹ نے کہا کہ ان کے منتخب ہونے کے بعد وہ تاجروں کی مشکلات اور مسائل کو حل کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کریں گے۔ اس موقع پر تاجر اتحاد گروپ میں شامل ہونے والے تاجروں، جن میں جنرل سیکرٹری کے امیدوار رانا خالد علی خان، ملک محمد اشرف، ارشد محمود عباسی، اقبال بٹ، ڈاکٹر محمد ارشد شامل ہیں، نے کہا کہ عاطف جمیل بٹ واقعی تبدیلی کا نشان ہیں اور انہوں نے ایف ٹین کے تاجروں کی آواز کو بلند کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان کی جیت مقدر میں ہے۔

مزید خبریں