راولپنڈی( کرائم رپورٹر)کہوٹہ پولیس کی کاروائی،قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری مجرم گرفتار،مجرم اشتہاری عامر نے سابقہ رنجش کی بناء پر ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کر کے شہری محمد جلال کو قتل کر دیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کہوٹہ پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری مجرم عامر کو گرفتارکرلیا، اشتہاری مجرم نے سابقہ رنجش کی بناء پر ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کر کے شہری محمد جلال کو قتل کر دیا تھا،واقعہ کا مقدمہ مقتول کے والد کی مدعیت رواں سال درج کیا گیا تھا۔
اشتہاری مجرم واقعہ کے بعد روپوش ہو گیا تھا جسے ہیومن انٹیلی جینس سمیت تمام زرائع بروے کار لاتے ہوئے ٹریس کر کے گرفتار کیا گیا،اشتہاری مجرم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کا تحرک جاری ہے۔
ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر کا کہنا تھا کہ گرفتار اشتہاری مجرم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی،سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری مجرمان کی گرفتاری لواحقین کو انصاف کی فراہمی میں اہم ہے۔











