معروف صحافی میاں خرم شہزاد کو نمایاں صحافتی خدمات کے اعتراف میں تعریفی شیلڈ پیش، صحافی برادری کے حقوق کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین
کراچی (روشن پاکستان نیوز) معروف صحافی بانی و مرکزی صدر “ورکنگ جرنلسٹس فورم” میاں خرم شہزاد کو ان کی نمایاں اور قابلِ قدر صحافتی خدمات کے اعتراف میں تعریفی شیلڈ پیش کی گئی۔ یہ شیلڈ “ہیومن رائٹس انٹرنل فورم پاکستان” کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری مرزا فہد بیگ کی جانب سے ایک پروقار تقریب کے دوران پیش کی گئی۔ تقریب کے موقع پر مرزا فہد بیگ نے میاں خرم شہزاد کی صحافتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ حق اور سچ کی آواز بلند کی اور صحافی برادری کے حقوق کے تحفظ کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات نوجوان صحافیوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ میاں خرم شہزاد نے اس موقع پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز ان کے لیے باعثِ فخر ہے اور وہ آئندہ بھی دیانت داری، غیر جانبداری اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ صحافتی فرائض انجام دیتے رہیں گے۔ انہوں نے اس اعزاز کو صحافی برادری کے نام منسوب کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ صحافیوں کے حقوق اور آزادیٔ صحافت کے لیے ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔ تقریب میں یوسف پاکستانی، اے بی سومرو اور محمد شاہد سمیت صحافیوں، سماجی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور میاں خرم شہزاد کو اس اعزاز پر مبارکباد پیش کی۔










