راولپنڈی(کرائم رپورٹر)سول لائنز پولیس کی اہم کاروائی،ٹرانسجینڈر الماس بوبی کے گھر چوری کرنے والے 04 ملزمان گرفتار، چوری شدہ رقم 15 لاکھ روپے، موبائل فون اور دیگر اشیاء برآمد۔
تفصیلات کے مطابق سول لائنز پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے ٹرانسجینڈر الماس بوبی کے گھر چوری کرنے والے 04 ملزمان کو گرفتارکر لیا،گرفتار ملزمان میں داؤد، زرنین، فیضان اور احتشام شامل ہیں، ملزمان سے چوری شدہ رقم 15 لاکھ روپے، موبائل فون اور دیگر اشیاء برآمدہوئیں،مدعی مقدمہ کا کہنا تھا کہ ملزمان فنگشن پر ساتھ آتے جاتے تھے، ملزمان کو معلوم تھا کہ گھر میں گاڑی کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم پڑی ہے۔
سی پی او سید خالد ہمدانی نے واقعہ کی اطلاع پر ملزمان کی فوری گرفتاری اور رقم کی برآمدگی کو یقینی بنانے کی ہدایات دی تھیں، سول لائنز پولیس نے ہیومن انٹیلی جینس سمیت تمام ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کو گرفتارکرلیا، ملزمان کی گرفتاری اور سو فیصد برآمدگی پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے ایس پی پوٹھوہار اور سول لائنز پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب اور انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کے ویژن کے مطابق ٹرانسجینڈرز کے حقوق کے تحفظ اور قانونی معاونت کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔











