فیصل آباد (روشن پاکستان نیوز )تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب نے کہا ہے کہ ہم پر تشدد کیا گیا، ہمارے نوجوانوں کو شہید کیا گیا، ہم کس بات کی معافی مانگیں۔
فیصل آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ بوگس کیسز ہیں، اب ہم تحقیقات کرنے جارہے ہیں، ملک کے حالات آپ کے سامنے ہیں، ان کی وجہ سے ملک نہیں چل رہا۔
عمر ایوب نے کہا کہ گندم میں 350 ارب روپے کا ٹیکہ لگایا گیا، اس وقت محسن نقوی وزیراعلیٰ تھے، محسن نقوی کے ساتھ مسلم لیگ ن کے دیگر لوگ بھی ملوث ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے خلاف عدالتوں میں رٹ دائر کر رہے ہیں، ابھی تک جماعت اسلامی سے تحریک کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی۔
عمر ایوب نے کہا کہ آج شیر افضل مروت کو شو کاز نوٹس جاری کیا گیا ہے، اس کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی کو کرنا ہے۔